• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکمران معافی تلافی کیلئے وفود بھیجنا بند کردیں، کون کے بدلے خون لینگے، ڈاکٹر طاہر القادری، وڈیو لنک خطاب

لاہور (خصوصی رپورٹر،نمائندگان جنگ، مانیٹرنگ سیل) عوامی تحریک کے زیر اہتمام سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف وقصاص اورملکی سالمیت کیلئےلاہور فیصل آباد ،گوجرہ، خو شاب اوراوکاڑہ، کمالیہ سمیت کئی شہروں میں احتجاجی مارچ اوردھرنے دیئے گئے۔پاکستان عوامی تحریک قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور سے 105 شہروں کے احتجاجی دھرنوں کے شرکاء سےوڈیولنک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمران سن لیں اگر چاہیں تو 7 دن کے اندر 17 جون کا بدلہ لے سکتے ہیں مگر میں نے ساری عمر امن کا درس دیا ہے۔اس لیے ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں۔سانحہ ماڈل ٹائون کے قصاص اور انصاف کیلئے اب سڑکوں پر جنگ لڑی جائے گی۔کس کس ملک نے نواز شریف کو اقتدار میں لانے کیلئے کام کیا سب جانتا ہوں۔نواز شریف کے عہد اقتدار میں پاکستان کے اندرونی اور بیرونی دشمن اپنی سازشوں کا جال پھیلا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 105 شہروں میں عوامی تحریک کے کارکنوں نے احتجاج اور ریلیاں منعقد کر کے حکمرانوں کے ہوش اڑا دئیے ہیں۔وزیرستان سے دہشت گردی ختم ہوگئی پنجاب سے کب ہوگی؟۔حکومت سے کہتا ہوں سانحہ ماڈل ٹائون کیس کی معافی تلافی کیلئے وفود بھیجنا بند کر دیں۔ہم جان کے بدلے جان خون کےبدلےخون اورسر کے بدلے سر لیں گے۔وزیراعظم سانحہ ماڈل ٹائون کے قصاص اور پاناما لیکس کے احتساب سے بچنے کیلئے قومی اداروں سے جوڑ توڑ کررہے ہیں۔جتنی ڈھیل ملنی تھی مل گئی،وزیراعظم کےاتحادی نےغیرملکیوں کوشناختی کارڈاورپناہ دےرکھی ہےہم پاناما لیکس کے چوروں کو بھاگنے نہیں دیں گے۔ پنجاب دہشت گردی اور کرپشن کا گڑھ ہے۔پاک فوج کے سوا کوئی اور ادارہ ایسا نہیں ہےجو منظم اور پر امن ہو، پاکستان عوامی تحریک نے پاک فوج کے بعد منظم اور پرامن کارکنوں کا سمندر دکھا ثابت کردیا ہے کہ ہم کتنے پر امن ہیں۔ حکمرانوں کی وجہ سے پنجاب ایک ہزار ارب روپے کا مقروض ہے جبکہ پاکستان پر قرضہ 25 ہزار ارب روپے پہنچ چکا ہے یہ حکمران رہے تو قرضہ 30 ہزار روپے تک جا پہنچے گا ۔ مگر قوم اب حکمرانوں کو نہیں رہنے دے گی ۔ حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں۔انہوں نے قومی ایکشن پلان کے حوالے سے تفصیل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم بتائیں انہوں نے کتنے اجلاسوں کی صدارت کی ۔نیکٹا کو فنڈکیوں نہیں دئیے۔دہشت گردی کے کیسز سننے والی عدالتوں کو فنڈز اور عملہ کیوں نہیں دیا۔28اگست تک شہر شہر دھرنے جاری رہیں گے۔ اگلے رائونڈ کا اعلان 28 اگست کو کروں گا اور اپنی شرکت کا فیصلہ کرونگا۔۔شیخ رشید اور بشارت جسپال نے فیصل آباد، خرم نواز گنڈاپور نے لاہور، خواجہ عامر فرید کوریجہ نے بہاولپور، مخدوم ندیم ہاشمی اور سردار شاکر مزاری نے سندھ، خالد درانی نے خیبرپختونخوا میں احتجاجی ریلیوں کی قیادت کی۔دھرنے میں پی ٹی آئی، جماعت اسلامی، ق لیگ،پیپلز پارٹی، سنی اتحاد کونسل، مجلس وحدت المسلمین کے قائدین اور کارکنان نےبھی شرکت کی۔
تازہ ترین