• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی امن، استحکام اور ترقی میں چین کا انتہائی اہم کردار ہے: وزیراعظم

ویڈیو گریب۔
ویڈیو گریب۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے چین کے قیام کی 77ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں چین کے صدر شی جن پنگ اور چینی عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ 

انہوں نے کہا کہ عالمی امن، استحکام اور ترقی میں چین کا انتہائی اہم کردار ہے، ہمارے دل ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ 

وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ سی پیک ہماری دیرینہ دوستی اور عوام کے لیے زیادہ خوشحال اور ترقی یافتہ مستقبل کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے، اب ہم سی پیک کے اگلے مرحلے سی پیک 2.0 میں داخل ہو رہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ نئے فیز میں صنعت کاری، خصوصی اقتصادی زونز، آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت پر توجہ دیں گے۔ نئے مرحلے میں زراعت، کان کنی اور معدنیات پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے ایک ہزار زرعی گریجویٹس کے پہلے گروپ نے چین میں اپنی تربیت مکمل کر لی ہے، مزید ایک ہزار افراد پر مشتمل اگلا گروپ چین جانے کے لیے تیار ہے، پاکستان چین تعلقات ہماری خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہیں۔ 

وزیراعظم، چینی سفیر کے ساتھ چین کی سالگرہ کا کیک کاٹ رہے ہیں، انکے ساتھ اسپیکر ایاز صادق اور نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحق ڈار بھی شامل ہیں(تصویر سوشل میڈیا)۔
وزیراعظم، چینی سفیر کے ساتھ چین کی سالگرہ کا کیک کاٹ رہے ہیں، انکے ساتھ اسپیکر ایاز صادق اور نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحق ڈار بھی شامل ہیں(تصویر سوشل میڈیا)۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں متعین چینی سفیر جیانگ ژائی ڈونگ نے کہا کہ چین اور پاکستان ہر موسم کے تزویراتی تعاون کے شراکت دار ہیں، پاکستان اعلیٰ سفارتی بصیرت کے باعث بین الاقوامی سطح پر بڑھتا ہوا اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خطے اور اس سے باہر امن و سلامتی کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کے قومی مفادات کا مضبوطی سے دفاع کیا۔ 

چینی سفیر نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین ہر وقت میں بھائیوں کی طرح ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے۔ انھوں نے کہا وزیر اعظم شہباز شریف نے مختلف شعبوں میں چین پاکستان عملی تعاون کو ہمیشہ بہت اہمیت دی ہے۔

قومی خبریں سے مزید