اسلام آباد (زبیر قصوری) ملک میں آن لائن جوئے، مبینہ مالیاتی فراڈ اور غیر قانونی رقوم کی منتقلی کے تقریباً 120ارب روپے کے بڑے اسکینڈل کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پاکستان میں ڈیجیٹل مالیاتی خدمات فراہم کرنیوالی معروف ڈیجیٹل ایپ کے بعض ملازمین کا کردار بھی ایف آئی اے کی تحقیقات کے دائرے میں آ گیا ہے۔ تحقیقاتی ادارے نے ان ملازمین کے مبینہ کردار کی چھان بین شروع کر دی ہے جن کی معاونت سے جعلی کمپنیوں کے نام پر ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھولے جانے اور ان کے ذریعے آن لائن جوئے کی رقوم منتقل ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔ایف آئی اے فیصل آباد ریجن کی ترجمان فریال خان نے تصدیق کی ہے کہ اس بڑے مالیاتی اسکینڈل میں معروف ڈیجیٹل ایپ کے متعلقہ ملازمین کے کردار کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے اور انہیں تحقیقات کے سلسلے میں طلب کیا جا رہا ہے۔