بیجنگ ( آصف محمود بٹ)پاک چین ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے کیلئے سول سرونٹس فیلوشپ پروگرام کی تجویز۔چینی وزارت خارجہ میں سی ایس اے حکام اور زیر تربیت افسران کی ڈائریکٹر ساؤتھ ایشیا ڈیسک باؤ ژونگ سے ملاقات۔ باہمی دوروں چینی زبان کی تعلیم،مشترکہ تربیت ، پالیسی تبادلوں پر اتفاق،مشترکہ تربیتی پروگرام فروغ دینے پر زور۔ پاکستان اور چین نے دونوں ممالک کے سول سرونٹس کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے کیلئے دوطرفہ فیلوشپ پروگرام شروع کرنے کی تجویز پر غور کیا ہے، جس کے تحت سرکاری افسران ایک دوسرے کے ممالک کے دورے کریں گے، خصوصی تربیت حاصل کریں گے اور دونوں ملکوں کے انتظامی و حکومتی نظام کا براہ راست مشاہدہ کریں گے۔یہ تجویز بیجنگ میں چینی وزارت خارجہ میں جنوبی ایشیا ڈیسک کی ڈائریکٹر باؤ ژونگ اور سول سروسز اکیڈمی (سی ایس اے) کے حکام و زیر تربیت افسران کے درمیان ہونے والی ملاقات میں سامنے آئی۔