• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا: مڈ ٹرم الیکشن سے قبل مشتبہ ڈاک کا معاملہ، ایف بی آئی کی تحقیقات شروع

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) نے تصدیق کی ہے کہ امریکی وفاقی حکام نے متعدد ریاستوں کے انتخابی دفاتر کو بھیجی گئی مشتبہ ڈاک کے سلسلے میں تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

ایف بی آئی کے مطابق مشتبہ ڈاک میں ریاستی سیکریٹریز کے دفاتر اور ان سے متعلق انتخابی دفاتر سمیت ملک بھر کے مختلف پتے شامل ہیں۔

ادارے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایف بی آئی اور امریکی پوسٹل انسپیکشن سروس ملک بھر میں مختلف پتوں پر بھیجی گئی مشتبہ ڈاک کی تحقیقات کر رہی ہیں، جن میں ریاستی سیکریٹریز کے دفاتر اور ان سے متعلق انتخابی دفاتر بھی شامل ہیں۔

ایف بی آئی نے بتایا کہ تفتیش کار ذمے دار افراد کی شناخت کے لیے قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، ان مشتبہ خطوط کے باعث متعدد علاقوں میں عمارتیں خالی کرائی گئیں، جبکہ ہنگامی اقدامات کے تحت ڈاک کو تحویل میں بھی لیا گیا۔

ادھر نیشنل ایسوسی ایشن آف سیکریٹریز آف اسٹیٹ اور نیشنل ایسوسی ایشن آف اسٹیٹ الیکشن ڈائریکٹرز نے ایک مشترکہ بیان میں ان واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ممکنہ خطرات اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ہمارے پاس سیکیورٹی اقدامات اور متبادل منصوبے موجود ہیں، تاکہ انتخابی عمل کی ضروری سرگرمیاں بھی جاری رکھی جا سکیں۔

واضح رہے کہ امریکا میں وسط مدتی انتخابات 3 نومبر کو شیڈول ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید