• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہنگائی کیخلاف احتجاج، فرانس میں لگژری برانڈز کے اسٹورز لوٹ لیے گئے

—فوٹو بشکریہ امریکی میڈیا
—فوٹو بشکریہ امریکی میڈیا 

فرانس میں مہنگائی اور بڑھتے ہوئے اخراجات کے خلاف ہونے والے ملک گیر مظاہرے شدت اختیار کر گئے۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق  فرانس میں پرتشدد مظاہروں کے دوران نقاب پوش افراد نے ایپل، ہرمیس اور لوئی وٹون سمیت کئی مشہور لگژری برانڈز کے اسٹورز میں گھس کر توڑ پھوڑ اور لوٹ مار کی۔ 

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں نقاب پوش افراد کو اسٹورز کے شیشے توڑ کر اندر داخل ہوتے اور قیمتی سامان لے کر بھاگتے دیکھا جا سکتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لوٹ مار صرف مہنگے برانڈز کے اسٹورز تک محدود نہیں رہی بلکہ سپر مارکیٹس اور فارمیسیوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔

رپورٹ کے مطابق بعض شہروں میں سرکاری عمارتوں اور تاریخی مقامات پر بھی حملے کیے گئے اور گاڑیوں کو آگ لگائی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فرانس کے شہر لیموج میں نقاب پوش مظاہرین نے 143 سال پرانے تاریخی ٹاؤن ہال کو بھی آگ لگا دی گئی، آتش زدگی سے عمارت کی چھت گر گئی۔

فرانس کی وزارتِ داخلہ کے مطابق مظاہروں میں ملک بھر سے تقریباً 5 لاکھ 50 ہزار افراد شریک ہوئے، تاہم زیادہ تر مظاہرین پُرامن طور پر احتجاج کر رہے تھے، جب کہ نقاب پوش افراد کے بعض گروہوں نے پولیس اور املاک کو نشانہ بنایا۔

واضح رہے کہ فرانس میں یہ مظاہرے ملک میں بڑھتے ہوئے اخراجات، مہنگائی اور عوامی خدمات کے معیار پر عدم اطمینان کے پسِ منظر میں شروع ہوئے تھے۔

بعد ازاں تعلیمی اداروں میں سہولتوں کی کمی سے متعلق طلبہ کی احتجاجی تحریک بھی انہیں وسیع تر مظاہروں میں شامل ہو گئی جس کے نتیجے میں کئی شہروں میں حالات کشیدہ ہوئے۔

فرانس میں ان پُرتشدد مظاہروں کے دوران بڑے پیمانے پر گرفتاریاں کی گئیں اور متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ 

پولیس نے پیرس سمیت مختلف شہروں میں ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا۔

حکام کی توجہ اب متاثرہ کاروبار، سرکاری عمارتوں، امن و امان کی بحالی اور ذمے دار افراد کے تعین پر مرکوز ہے۔

فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرامن مظاہرین کے جائز مطالبات اور توڑ پھوڑ کرنے والوں کے اقدامات میں فرق کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف کارروائی کا عزم بھی ظاہر کیا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید