امریکی محکمۂ انصاف کا کہنا ہے کہ کیلیفورنیا میں انتخابی دھاندلی کے الزام میں گرین کارڈ رکھنے والے 28 افراد پر فردِ جرم عائد کی گئی ہے جن میں 2 بھارتی شہری بھی شامل ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق دونوں بھارتی شہری اماندیپ کور اور کملیش شاہ پر ووٹر کے طور پر غیر قانونی اندراج اور نومبر 2024ء کے امریکی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کا الزام ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق کارروائی کے دوران 11 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا تاہم دونوں بھارتی شہریوں کی گرفتاری کی تصدیق تاحال نہیں ہو سکی۔
امریکی قانون کے تحت گرین کارڈ رکھنے والے غیر ملکی شہری وفاقی انتخابات میں ووٹ نہیں ڈال سکتے، ملزمان کو شہریت کی درخواست میں غلط بیانی اور بعض کو ووٹر کے طور پر غیر قانونی اندراج کے الزامات کا بھی سامنا ہے جن پر زیادہ سے زیادہ 5 سال قید ہو سکتی ہے۔
امریکی محکمۂ انصاف کے مطابق رواں سال انتخابی بدعنوانی کے الزامات میں تقریباً 90 افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے تھے جن میں سے 50 پر غیر امریکی شہری ہونے کے باوجود ووٹ ڈالنے کا الزام ہے۔