ترک وزیرِ خارجہ حاقان فیدان نے ایران پر کسی بھی نئے حملے کے خلاف خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے کشیدگی میں اضافہ ہو گا اور خطے میں جاری تنازع بڑھے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ جنگ کے خاتمے کا راستہ سفارت کاری اور مذاکرات ہیں۔
حاقان فیدان نے استنبول میں مصر، پاکستان، سعودی عرب، جرمنی، فرانس، برطانیہ اور اٹلی کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کی۔
ملاقات میں ایران جنگ کی تازہ صورتِ حال، حوثی جنگجوؤں کے سعودی عرب پر حملوں اور یوکرین میں روس کی جنگ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ علاقائی 4 ممالک کے گروپ (آر فور) اور یورپی یونین کے 3 بڑے ممالک (ای تھری) کے ساتھ اٹلی کی پہلی مشترکہ ملاقات تھی۔
اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حاقان فیدان نے کہا کہ ہم سب اس بات پر متفق ہیں کہ ایران پر نیا حملہ خطے میں کشیدگی میں اضافے کا سبب بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی کسی بھی صورت مسئلے کا حل نہیں ہے، اجلاس میں شریک کوئی بھی ملک ایران پر ایک اور فوجی حملے یا مداخلت کی حمایت نہیں کرتا۔
حاقان فیدان نے یہ بھی بتایا کہ جمعے کے اجلاس میں شریک ممالک نے ایران جنگ کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے ممکنہ لائحۂ عمل پر بھی غور کیا۔
انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔