• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی دنیا کے کسی بھی ملک میں آباد ہوں، ان کی اپنے وطن سے وابستگی کمزور نہیں ہوتی،وہ پاکستان کے حالات سے باخبر رہتے ہیں،اس کی ترقی و خوشحالی کیلئے فکرمند ہوتے ہیں اور اپنی استطاعت کے مطابق وطن کی معیشت، سماج اور عالمی تشخص کو بہتر بنانے میں کردار ادا کرتے رہتے ہیں۔بیرونِ ملک آباد پاکستانیوں کی یہ وابستگی ایک ایسا قومی سرمایہ ہے جسے مؤثر پالیسیوں،اعتماد اور عملی سہولتوں کے ذریعے مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ان دنوں پاکستان اوورسیز الائنس فورم (POAF) یورپ کا ایک وفد پاکستان کے دورے پر ہے، جس میں چوہدری مظہر اقبال دیونہ، راجہ سجاد حسین، چوہدری اظہر اقبال، ناصر محمود چوہدری، امتیاز احمد سندھواور چوہدری اعجاز حسین پیارا شامل ہیں۔وجدان نے اس وفد کے اعزاز میں ایک استقبالیے کا اہتمام کیا جسکی صدارت چوہدری مظہر اقبال دیونہ نے کی جبکہ سینٹر پرویز رشید نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی ۔مجیب الرحمن شامی، حفیظ اللہ نیازی ، میاں عمران مسعود ، اوریا مقبول جان ، اسلم گِل،محسن جعفر ، طارق ، امجد اقبال امجد ، عتیق انور راجہ نے وفد کو خوش آمدید کہا اور اُن کی کاوشوں کو سراہا اور حکومت سے اُن کے مطالبات تسلیم کرنے کی گزارش کی ۔وفدنے سیاسی، سماجی اور صحافتی شخصیات کے ساتھ مکالمے کے دوران وفد نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ بیرونِ ملک آباد پاکستانیوں کو محض ترسیلاتِ زر بھیجنے والے افراد کے طور پر دیکھنے کے بجائے قومی معیشت، سرمایہ کاری، تجارت اور سیاحت کے فروغ میں مستقل شراکت دار تسلیم کیا جائے۔جس طرح صنعتوں، برآمدات اور بیرونی سرمایہ کاری کیلئے خصوصی مراعات اور طویل المدتی پالیسیاں تشکیل دی جاتی ہیں،اسی طرح اوورسیز پاکستانیوں کیلئے بھی ایک جامع، مربوط اور مستقل قومی پالیسی بنائی جائے۔

فورم کے مطابق اوورسیز پاکستانی سالانہ تقریباً 41 ارب ڈالر بینکنگ چینلز کے ذریعے وطن بھیجتے ہیں۔جبکہ پاکستان کے دوروں کے دوران اوورسیز پاکستانیوں کے دیگر اخراجات اور مالی سرگرمیوں کو شامل کیا جائے تو ان کا مجموعی معاشی کردار 70 ارب ڈالر کے قریب ہو سکتا ہے۔وفد نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب (OPC) کی ذاتی نگرانی کریں،ادارے کو مؤثر اور مکمل فعال بنائیں اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جائیدادوں پر غیر قانونی قبضوں کے خاتمے،شکایات کے فوری ازالے اور انکے اہلِ خانہ کے تحفظ کیلئے ٹھوس اقدامات کریں۔وفد نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ ہوائی اڈوں پر آنے اور جانے والے پاکستانیوں کی عزتِ نفس کا احترام یقینی بنایا جائے، غیر ضروری آف لوڈنگ اور ہراسانی کی شکایات کا مؤثر سدباب ہو اور سفری ضوابط پر شفاف، منصفانہ اور یکساں انداز میں عمل کیا جائے۔اس موقع پر اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (OPF) کے مثبت اقدامات کو بھی سراہا گیا۔

پاکستان میں سیاحت کے فروغ کیلئے بیرونِ ملک آباد پاکستانی خاندانوں، بالخصوص ان کی نئی نسل کو وطن آنے کی ترغیب دینا بھی وفد کی اہم تجاویز میں شامل تھا۔تعلیم، کھیل اور ثقافت کے میدان میں عالمی نوعیت کے ایسے عالمی اکٹھ ہو نے چاہئیں جن میں اوورسیز پاکستانیوں کی نوجوان نسل شرکت کر سکے اور وطن سے جُڑت کو مضبوط کرے۔سیاحتی سرگرمیوں کی ترویج کیلئے خصوصی رعایتی فضائی ٹکٹ،فیملی ٹورازم پیکیجز،ہوٹلوں میں مناسب سہولتیں اور تاریخی، ثقافتی و قدرتی مقامات کی سیر کیلئےمنظم پروگرام متعارف کرائے جا سکتے ہیں۔بیرونِ ملک پیدا ہونے اور پرورش پانے والی نئی نسل کو پاکستان کے تاریخی ورثے، ثقافت، زبانوں، قدرتی حسن اور سماجی زندگی سے روشناس کرانا محض سیاحت کا معاملہ نہیں بلکہ اپنی جڑوں سے تعلق مضبوط بنانے کا ذریعہ بھی ہے۔اس سے ہوٹلنگ، ٹرانسپورٹ،مقامی تجارت اور چھوٹے کاروباروں کو فروغ مل سکتا ہے جبکہ پاکستان کے بارے میں مثبت عالمی تاثر کو بھی تقویت دی جاسکتی ہے۔پاکستان اوورسیز الائنس فورم یورپ کے صدر چوہدری اعجاز حسین پیارا نے اپنے خطاب میں کہا کہ استقبالیے میں سینیٹر پرویز رشید کی بطور مہمانِ خصوصی شرکت ان کیلئے باعثِ مسرت ہے۔انہوں نے یاد دلایا کہ 2014میں پاکستان اوورسیز الائنس فورم یورپ اور پاکستان کمیونٹی ناروے کے اشتراک سے اسلام آباد میں منعقد ہونے والے اوورسیز پاکستانی کنونشن میں بھی پرویز رشید مہمانِ خصوصی تھے،جب وہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کے منصب پر فائز تھے۔اس کنونشن میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے 14 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا گیا تھا جس میں مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کے اجرا، ہوائی اڈوں پر ناروا سلوک کے خاتمے اور بیرونِ ملک پاکستانیوں کی جائیدادوں کے تحفظ جیسے مطالبات شامل تھے۔بیشتر مطالبات پر پیش رفت اور ان کے حل میں پرویز رشید کی ذاتی دلچسپی اور کوششوں نے اہم کردار ادا کیا۔یہ فورم ان خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے ساتھ تعلق کو صرف ترسیلاتِ زر تک محدود نہ رکھا جائے،ان کے تجربے، پیشہ ورانہ مہارت، کاروباری روابط، سرمایہ کاری کی صلاحیت اور عالمی سطح پر قائم تعلقات سے بھی فائدہ اٹھایا جائے۔اس مقصدکیلئے حکومت کو اوورسیز پاکستانیوں کی نمائندہ تنظیموں سے باقاعدہ مشاورت، شکایات کے فوری ازالے، سرمایہ کاری کے تحفظ، شفاف طریقۂ کار اور سیاحت کے فروغ پر مبنی ایک قابلِ عمل حکمتِ عملی تشکیل دینی چاہیے۔اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان کے معاشی اور سماجی مستقبل کے اہم شراکت دار سمجھنا ایک پالیسی ترجیح ہو سکتی ہے۔ان کے اعتماد، عزتِ نفس اور سرمایہ کاری کے تحفظ سے قومی معیشت کو تقویت، نئی نسل کو وطن سے جوڑنے اور پاکستان کی عالمی ساکھ بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔

تازہ ترین