لاہور (آصف محمود بٹ)برطانیہ کی پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کو وسیع تر رسائی دینے میں دلچسپی، برطانوی ہائی کمشنرجین میریٹ کا اپٹما کا دورہ، پائیدار پیداوار کے عالمی معیار پر عملدرآمد ،ٹیکسٹائل لیبارٹریوں سے اشتراک بڑھانے پر زور، اپٹما کے چیئرمین اسد شفیع نے ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی صنعت کو پاکستان کی معیشت کا بنیادی محرک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اپٹما اور برطانیہ کے متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون کے لیے باضابطہ فریم ورک تشکیل دیا جائے۔ برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پاکستان کی ٹیکسٹائل صنعت اور برطانوی اداروں کے درمیان تحقیق، جدت، فنی مہارت اور صنعتی ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے خصوصی اور تکنیکی ٹیکسٹائل کی تیاری کے شعبے کو خاص طور پر اہم قرار دیتے ہوئے اے پی ٹی ایم اے کے ارکان کو مشورہ دیا کہ وہ صنعتی استعداد میں موجود خامیوں کو دور کرنے کے لیے برطانوی مشیروں، تکنیکی ماہرین اور متعلقہ شعبوں کے تجربہ کار افراد کی خدمات حاصل کرنے کے امکانات تلاش کریں۔ اپٹما کے چیئرمین اسد شفیع نے کہا کہ پاکستانی صنعت کاروں کے لیے برطانوی ٹیکسٹائل لیبارٹریوں، مصنوعات کی جانچ کے مراکز، جامعات اور تحقیقی اداروں کے ساتھ روابط قائم کرنا ضروری ہے تاکہ مصنوعات کے معیار کو بہتر بنانے، جدید تکنیکی صلاحیتیں پیدا کرنے اور بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے میں مدد مل سکے۔