لاہور(آصف محمود بٹ)یونیسکو کے زیر انتظام کانفرنس ،سی ایس اے کا جامع طرز حکمرانی اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ پر زور۔ سول سروسز اکیڈمی نے یونیسکو کے زیر اہتمام عالمی مذاہب کانفرنس میں بین المذاہب ہم آہنگی، اقلیتوں کی شمولیت، مساوی مواقع اور جامع طرز حکمرانی کے عزم کا اعادہ کیا ہےآسٹریلیا، امریکا، برطانیہ، جرمنی، اٹلی، ملائیشیا، سری لنکا، سوئٹزرلینڈ اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے مقررین کا مختلف موضوعات پر اظہار خیال۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سول سروسز اکیڈمی فرحان عزیز خواجہ نے کہا کہ آئین میں دی گئی ضمانتوں کو محض الفاظ تک محدود رکھنے کے بجائے انہیں عملی اقدامات میں تبدیل کرنا ریاستی اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔یونیسکو کے زیر انتظام منہاج یونیورسٹی لاہور کے اشتراک سے ’’زخمی دنیا کا مداوا: مذہبی ذمہ داری، یکجہتی اور عملی اقدام‘‘ کے عنوان سے منعقدہ نویں عالمی کانفرنس میں پاکستان سمیت مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے مذہبی رہنماؤں، علما، دانشوروں، پالیسی سازوں، ماہرین تعلیم اور عملی شعبوں سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔ دو روزہ کانفرنس 24 اور 25 اکتوبر کو منعقد ہوئی۔