کراچی(رفیق مانگٹ)دنیا کے 57 سے زائد ممالک میں ایک سال کے دوران حکومت مخالف 107سے زیادہ نمایاں احتجاجی تحریکیں سامنے آئیں، مہنگائی، معاشی بدحالی،ایندھن کی بڑھتی قیمتوں، رہائش کے اخراجات، کفایت شعاری، سیاسی عدم اعتماد اور جمہوری حقوق پر تنازعات نے عوامی بے چینی کو ہوا دی، عالمی احتجاجی ریکارڈ میں ایشیا، یورپ، افریقہ، مشرق وسطیٰ اور لاطینی امریکا کے ممالک شامل، یورپ میں معاشی دباؤ اور رہائشی مسائل، ایشیا میں انتخابی شفافیت اور سیاسی نمائندگی، افریقہ میں مہنگا ایندھن، مشرق وسطیٰ میں جنگوں، پابندیوں اور سرکاری خدمات سے متعلق شکایات، جبکہ لاطینی امریکا میں مالیاتی پالیسیوں، تعلیم اور سیاسی عدم استحکام کے خلاف احتجاج ریکارڈ کیا گیا۔ امریکی تحقیقی ادارے کے عالمی احتجاجی ریکارڈ کے مطابق یہ اعدادوشمار دنیا بھر میں بڑھتی عوامی بے چینی کی نشاندہی کرتے ہیں، تاہم مختلف ممالک میں احتجاج کے اسباب، نوعیت اور شدت ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔