بھارت کے مشرقی ساحلی علاقوں میں سمندری طوفان ’ارنب‘ کے پیشِ نظر ہزاروں افراد محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے جبکہ متعدد ٹرینیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سمندری طوفان کا بدھ کی صبح ریاست آندھرا پردیش کے ساحلی علاقے سے ٹکرانے کا امکان ہے، جس کے باعث تیز ہواؤں اور شدید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
بھارتی حکام نے بتایا ہے کہ خطرے سے دوچار آندھرا پردیش کے علاقوں سے پیر کی رات تک تقریباً 50 ہزار افراد کو پناہ گاہوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ مجموعی طور پر 4 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست اڑیسہ کے 5 اضلاع میں منگل اور بدھ کو اسکول اور کالج بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
دوسری جانب، نیپال میں حکام نے سیاحوں کو بلند پہاڑی علاقوں میں جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ طوفان کے اثرات سے جمعرات کی رات سے ہفتے تک ہمالیائی خطے میں شدید بارش، برفانی طوفان اور برفانی تودے گرنے کا خدشہ ہے۔