بھارت میں 20 روپے کی کچوری ایک تاجر کے لیے دنیا کا سب سے مہنگا ناشتہ ثابت ہوئی، جب وہ اپنی بھوک مٹانے کے لیے رکا، تو اسکوٹر پر سوار دو چوروں نے اس کا 20 لاکھ روپے نقد رقم سے بھرا بیگ اڑا لیا۔
کچھ ہی منٹوں میں کچوری بھی ختم ہو گئی اور رقم بھی غائب ہو گئی، جس کے نتیجے میں تاجر کو کچوری کی اصل قیمت سے تقریباً ایک لاکھ گنا زیادہ کا نقصان اٹھانا پڑا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب چمپا لال نامی تاجر کچوری کھانے کے لیے رکا اور اس نے نقد رقم سے بھرا بیگ اپنے اسکوٹر کے آگے رکھ دیا۔ اسی اثنا میں دو افراد نے موقع دیکھ کر بیگ اٹھایا اور فرار ہو گئے۔
متاثرہ شہری نے ملزمان کا تعاقب کیا اور مقامی لوگوں نے بھی ان کا پیچھا کرنے میں مدد کی، لیکن دونوں چور بھاگنے میں کامیاب ہو گئے۔ اس واقعے کی ویڈیو، جو اب سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے، جس میں چمپا لال بے فکری سے اپنے اسکوٹر پر بیٹھا کچوری سے لطف اندوز ہو رہا تھا۔
اسی دوران دوسرے اسکوٹر پر سوار دو افراد بالکل اس کے برابر میں آ کر رکے اور پیچھے بیٹھے شخص نے تیزی سے پیسوں والا بیگ جھپٹا اور موقع سے فرار ہو گئے۔ چمپا لال نے کچوری ہاتھ میں مضبوطی سے پکڑے ہوئے پیدل ہی دونوں کا پیچھا کرنا شروع کر دیا۔
پولیس ہیلمٹ پہنے ہوئے ان دونوں افراد کی شناخت کے لیے علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لے رہی ہے۔ چمپا لال کی شکایت پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔