• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعلیٰ پنجاب کی توجہ: سفارتی دنیا کی ہلچل

بستیوں کے بھی اپنے دکھ ہوتے ہیں۔ کچھ دکھ گلیوں میں پڑی گرد میں چھپے رہتے ہیں، کچھ بند نلکوں میں اور کچھ ان زمینوں میں جن پر کبھی بچوں کے کھیلنے، پڑھنے یا عبادت کرنے کے خواب دیکھے گئے تھے۔ وقت گزرتا رہتا ہے، عمارتیں بلند ہوتی رہتی ہیں، مگر خوابوں کی زمین رفتہ رفتہ سکڑنے لگتی ہے۔ ایل ڈی اے ایونیو ون بھی ایسی ہی ایک بستی ہے، جہاں ہزاروں گھروں کے درمیان زندگی تو آباد ہے، لیکن زندگی کی بنیادی سہولتیں گم ہوتی جا رہی ہیں ۔

میں یہ گزارشات وزیرِ اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف سے بالمشافہ بھی بیان کر سکتا تھا،مگر مقصد تمام متعلقہ اداروں کو بھی احساس ذمہ داری دلانا ہےکہ ہر جگہ پر وزیر اعلیٰ خود نہیں پہنچ سکتیں ۔ ایل ڈی اے ایونیو ون میں صفائی کا حال یہ ہے کہ گلیاں اپنی محرومی کا اعلان کرتی دکھائی دیتی ہیں۔ پانی کیلئے پائپ لائنیں دو مرتبہ بچھائی گئیں، مگر پانی اب تک اپنی منزل تک نہیں پہنچا۔ یوں لگتا ہے جیسے زمین کے نیچے راستے تو بن گئے، مگر ان راستوں پر چلنے والی زندگی کہیںبھٹک گئی اور صرف فائلوں کے پیٹ بھرے گئے ۔ آوارہ کتوں کے خوف سے خواتین اور بچوں کا گزرنا دشوارہے۔ گھر رہنے کیلئے بنائے گئے تھے، مگر ان میں سے بعض تجارت کے اڈے بنتے جا رہے ہیں۔ رہائش اور کاروبار کے درمیان جو حد مقرر کی گئی تھی، وہ بھی دھندلا رہی ہے۔ ایل ڈی اے نے ایک کلب بنایا ، عمارت بن گئی مگر فعال نہ ہوئی کہ کہیں مکینوں کو کوئی سکون کا سامان نہ میسر آ جائے ، اسکول کیلئےسترہ کنال زمین مختص کی گئی تھی پھر یہ زمین کہاں گئی؟ اس پر طلبا کی آوازیں سنائی دینی تھیں یا پلاٹوں کی قیمتیں بڑھنی تھیں؟

اس سوال کا جواب متعلقہ اداروں ہی کو دینا ہے۔ ایل ڈی اے کے اہلکاروں کے بارے میں بدعنوانی کے جو الزامات سامنے آتے ہیں، انہیں محض شکایت سمجھ کر نہیں ٹالا جا سکتا ۔ مساجد کیلئے آٹھ پلاٹ مختص کئے گئے تھے ان میں سے صرف ایک پر تعمیر ہو سکی مگر اس میں بھی بد انتظامی اتنی کہ مسلکی اختلافات کو بھڑکنے دیا گیااور اس آگ نے ایسی صورت اختیار کی کہ ایک وقت میں مسجد کو تالا لگانا پڑا۔ اگر تمام مسالک کیلئے مناسب انتظام کیا جاتا اور مختص پلاٹوںپر تمام مسالک کیلئے مساجد تعمیر ہو جاتیں تو تنازعات سے بچنے کی صورت نکل آتی ، مگر ایل ڈی اے حکام کے کان پر جوں نہیں رینگ رہی، چاہے بعد میں کوئی بڑا تنازعہ اس علاقے کی فضا کو مکدر کردے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب سے امید ہے کہ وہ اس بستی کی آواز سنیں گی۔یہ سب دیکھتے دیکھتے نگاہ دنیا کے نقشے تک جا پہنچتی ہے۔ وہاں بھی زمینیں ہیں، سرحدیں ہیں، وسائل ہیں اور ان پر اپنے اپنے حق کے دعوے ہیں۔ فرق صرف اتنا ہے کہ یہاں پانی کا انتظار ہے اور وہاں امن کا۔مسلم اور یورپی ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس اسی بدلتی دنیا کی ایک علامت ہے۔ دنیا کے پرانے رشتے ڈھیلے پڑ رہے ہیں اور نئے تعلقات کی گرہیں لگائی جا رہی ہیں۔ لیکن چند ممالک جب ایک مشترکہ مقصد کیلئے اکٹھے ہوتے ہیں تو انکی آواز کا وزن بدل جاتا ہے۔ ان کا اثر وسطی ایشیا سے افریقہ تک محسوس کیا جا سکتا ہے ۔ اس ملاقات نے واضح کر دیا ہے کہ اب مسلم ممالک میں سے کون صف اول میں ہونگے اور یورپ کا چہرہ کون ۔

ایران کی کمی تھی مگر ظاہر ہے کہ موجودہ مشکلات اس کی شرکت کو سر دست نا ممکن بناتی ہیں ۔یورپ بھی اب پہلے جیسا نہیں رہا۔ کبھی اسکے پاس دولت تھی، منڈیاں تھیں اور دنیا کے دور دراز خطوں تک پھیلا ہوا اثر تھا۔ اب روس یوکرین جنگ اور مشرقِ وسطیٰ کی کشیدگی نے توانائی کی قیمتوں، مہنگائی اور معاشی بے یقینی کو بڑھا دیا ہے۔ یہ خیال بھی ظاہر کیا جاتا ہے کہ روس یورپ کی بے چینی کا ماسٹر مائنڈ ہے اور یورپ پر بڑے حملے کی تیاری کر رہا ہے ۔پاکستان کیلئے یورپ کی یہ بے چینی محض دور کی خبر نہیں۔ ہماری برآمدات، جی ایس پی پلس کی سہولت اور بیرونِ ملک پاکستانیوں کی ترسیلاتِ زر اس سے متاثر ہو سکتی ہیں۔ پھر اب دوبارہ وقت آگیا ہے کہ پاکستان جی ایس پی پلس کیلئےدرخواست دے ۔ یورپی منڈیوں میں ہماری جگہ برقرار رکھنے کیلئے ضروری ہے کہ ہم اپنے وعدوں پر عمل کریں، متعلقہ معیارات پورے کریں اور بدلتی ہوئی ترجیحات کو سمجھیں۔ ادھر ایران کے معاملے میں پاکستان جنگ کے شعلوں کو دوبارہ بھڑکنے سے روکنےکیلئے سفارتی کوششیں کر رہا ہے، حوثیوں کے مسائل پر گفتگوکیلئے پاکستان نے سعودی عرب اور ایران کو ایک میز پر لا بٹھایا ہے۔

ایران میں حالیہ یہ اعلیٰ ترین سطح کا اجلاس اس قضیہ کو نمٹانے کیلئےپاکستان ، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بہترین کوشش ہے ۔ اسی طرح امریکہ و اسرائیل اور ایران کے جنگی حالات کو رفع کرنے کیلئے اسلام آباد اعلامیے پر عمل درآمد اور مذاکرات میں قابلِ اعتماد ضمانتیںاہم ہیں اور ایران کی یہ خواہش ہے کہ اس پر عمل ہو۔ ایران کا یورینیم کسی دوسرے ملک کے حوالے کرنے کی تجویز پر تحفظات رکھنا اس کے سابقہ تجربے سے جڑا ہے۔ اس لیے مسئلے کا حل ایک ایسے سمجھوتے میں ہے جس پر متعلقہ فریق اعتماد کر سکیں۔ایران کے جوہری مؤقف میں تبدیلی اور ایٹمی ہتھیاروں کے جواز سے متعلق موجودہ مذہبی قیادت کے فتوے کی اطلاعات بھی غیر معمولی اہمیت رکھتی ہیں۔ اگر ایسا کوئی فیصلہ سامنے آتا ہے تو اسکے اثرات ایران سے آگے تک جائیں گے ، ممالک ایران کو ایسے فتوے کے مضمرات سے آگاہ کرنے کیلئے بہت فعال ہیں ریاستوں کی اصل آزمائش یہی ہے کہ وہ اپنے وعدوں کو کاغذ سے نکال کر زندگی میں کیسے اتارتی ہیں۔ ورنہ بستی ہو یا دنیا، دروازے بند ہونے میں دیر نہیں لگتی۔ انہیں کھولنے کیلئے البتہ نیت، تدبیر اور انصاف درکار ہوتے ہیں۔

تازہ ترین