کراچی (رفیق مانگٹ )امریکی وزیر صحت کا عرب دنیا کے بارے میں متنازع بیان سامنے آگیا،رابرٹ کینیڈی جونیئر نے دعویٰ کیا کہ 50 کروڑ عرب نوبل، فیلڈز اور وولف انعام سمیت کوئی اعزاز نہیں جیتتے،اسلامی دنیا ماضی میں فنون اور سائنس کا مرکز تھی، اب اخوان المسلمون نے جمود پیدا کیا،مشی گن ریلی میں ریپبلکن امیدوار کی حمایت، ڈیموکریٹ عبدل السید پر اخوان سے تعلق کا الزام لگایا، عرب معاشرے ادب تخلیق نہیں کرتے، علمی کامیابیاں ماضی کا قصہ بن گئیں۔ تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر صحت رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر نے دعویٰ کیا ہے کہ دنیا کے 50 کروڑ عرب نوبل انعام، فیلڈز میڈل اور وولف انعام جیسے عالمی اعزازات حاصل نہیں کرتے اور نہ ہی ادب تخلیق کرتے ہیں۔کینیڈی نے امریکی ریاست مشی گن میں ریپبلکن سینیٹ امیدوار مائیک روجرز کی حمایت میں منعقدہ انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے یہ متنازع باتیں کہیں۔ انہوں نے عرب معاشروں اور جدید اسلامیت پر تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ عربوں کی علمی اور ادبی کامیابیاں ماضی کے مقابلے میں ختم ہو چکی ہیں۔خطاب کے آغاز میں کینیڈی نے تسلیم کیا کہ مسلم تہذیب کے سنہری دور میں اسلامی دنیا فنون، ادب، سائنس اور انجینئرنگ کا اہم مرکز تھی۔