• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جماعت کے ٹاؤن چیئرمینز نے 3 سال کوئی کام نہیں کیا، میئر کراچی

کراچی ( طاہر عزیز۔۔۔اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نےکہا ہے کہ موصوف اسلام آباد تو پہنچ گئے لیکن اپنے اختیارات کو کراچی کے عوام کے لئے استعمال نہیں کیا میئر نے کہا کہ جماعت اسلامی کےٹاون چیئرمینوں نےتین سال کام نہیں کیا آخری سال شروع کر دیا ہے کیا اب انہیں الخدمت نے پیسہ دیا ہے اختیارات اور سندھ حکومت کا پیسہ تو پہلے سے ان کے پاس موجود تھا۔ عمرہ زائرین کے لئے ویکسین ساڑھے چار ہزار روپے میں فروخت کی جا رہی ہے جوپیسے کمانے کا ایک بڑا میکنزم ہے اس کی تحقیقات وفاقی حکومت کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملیر میمن گوٹھ کے قریب صالح محمد واٹر پمپنگ اسٹیشن کے افتتاح کے موقع پر خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، ایم پی اے راجہ عبدالرزاق اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے چیف آپریٹنگ آفیسر اسد اللہ خان نے بھی خطاب کیا۔ میئر کراچی نے کہا کہ ایک بار پھر کراچی میں خوف کے سائے لانے کی کوشش کی جا رہی ہےلیکن اب ایسا نہیں ہو گا جس پارٹی میں آپس میں تو تو میں میں ہو رہی ہوشہر میں کیسے اتفاق سے چل سکتے ہیں۔مسائل وڈیو وائرل کرنے سے نہیں کام کرنے سے حل ہوتے ہیں۔ جماعت اسلامی کے یوسی چیئر مینوں اور کونسلرز کی گرفتاری پر میئر نے کہا کہ اگر کوئی منتخب نمائندہ بھی قانون شکنی کرے تو وہ گرفتار ہو سکتا ہے لیکن اگر یہ کارروائی صرف ہراساں کرنے کے لئے تھی تو میں اس کی مذمت کرتا ہوں۔ جماعت اسلامی،ایم کیو ایم سمیت تمام سیاسی کارکن جو فیلڈ میں کام کرتے ہیں ان کی عزت کرتا ہوں۔

اہم خبریں سے مزید