اسلام آباد (ساجد چوہدری، ناصر چشتی، عاصم جاوید) وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملکی سلامتی کے اداروں پر تنقید کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی،سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ ریاست پر تھوکنے کی بات پر مولانا فضل الرحمن کا احترام ختم ہوگیا، مولانا کی بہت عزت کرتا تھا، اب نہیں رہی، اب ریاست سے نوکری، پیسے، ٹکٹ نہیں بھرپور جواب ملے گا،وزیر دفاع خواجہ آصف نےکہا ہے کہ ایسے لوگوں کے ساتھ بیٹھیں گے تو بلیک میل ہوں گے ، قومی اسمبلی میں جے یو آئی سربراہ کو جواب دیتے ہوئے انہوں نےکہا کہ فیلڈ مارشل خطے میں امن کیلئے تہران گئے تھے ، میری موجودگی ضروری نہ تھی،مولانا آپ بھی شرم و حیا کریں ، آپ کون سا زم زم سے دھلے ہیں، جے یو آئی ف کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ آصف بتائیں،مولاناکو حصہ نہ ملنےکی بات انکی موجودگی میں ہوئی تھی؟انہوں نے کہا چار سال بعد یاد آنے والا مکا اپنے منہ پر مارنا چاہیے، ملک اور اداروں کے خلاف بات نہیں کرتے، موجودہ حکمرانوں کی نااہلی سے کشمیر کا معاملہ اس نہج پر پہنچا، سینیٹر مولانا عطا الرحمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ محسن نقوی کے بارے میں کیا کہوں گا، کیا پدی کیا پدی کا شوربہ،نہ وہ اتنا بڑا شخص ہے، انہوں نے کہا کہ ماں ریاست ہے، اور ایک بیٹے کے ساتھ ایسا رویہ رکھے۔ کے پی کے 12 اضلاع ایمرجنسی میں ہیں، ایک طرف ماں خاموش ہے اور ایک بیٹے سے الجھ رہی ہے، ، انہوں نے جو کرنا ہے کریں، آپ گرفتار کر سکتے ہیں تو مولانا کو گرفتار کر لیں۔