کراچی(رفیق مانگٹ)امریکی سینیٹر نے انکشاف کیا ہے کہ ٹرمپ کا انتخابات کے بعد ایران پر دوبارہ حملے کا منصوبہ،امریکہ کا ایران پر مختصر مگر شدید حملے کا منصوبہ، خلیجی ممالک کو خبردار کر دیا گیا،امریکی فوجی حکام کی قانون سازوں کو ایران کے خلاف نئی جنگ پر بریفنگ،امریکہ میں ڈیموکریٹک سینیٹر کرس مرفی نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف جنگ دوبارہ شروع کرنے کے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی ہے، جسے انہوں نے پاگل پن قرار دیا ہے۔ یہ انکشاف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ واشنگٹن نے خلیجی عرب ممالک کو خبردار کیا ہے کہ وہ 3 نومبر کے وسط مدتی انتخابات کے بعد ایران کے خلاف ایک مختصر لیکن شدید فوجی کارروائی کے لیے تیار رہیں۔سینیٹر کرس مرفی، جو سینیٹ کی خارجہ تعلقات اور دیگر کمیٹیوں کے رکن ہیں، نے واشنگٹن ڈی سی میں مڈل ایسٹ انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی فوجی حکام نے قانون سازوں کو ممکنہ نئی فوجی مہم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ہے، جسے ایک مختصر مدت کی کارروائی کے طور پر پیش کیا گیا تھا۔انہوں نے کہاان کا منصوبہ پاگل پن ہے۔ اس سے تباہ کن اضافہ ہوگا اور قانون کی حکمرانی سے ہمارے عزم کے خاتمے کا امکان ہے۔ مرفی نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ صدر ٹرمپ کی درخواست پر تیار کیا گیا ہے، تاہم انہیں یہ معلوم نہیں کہ فوجی حکام خود اس کے کامیاب ہونے پر یقین رکھتے ہیں یا نہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ ان کا تیار کردہ منصوبہ، میری رائے میں، اس جنگ کو طول دے گا اور اس میں اضافہ کرے گا، جو ہمارے سیکیورٹی مفادات کے لیے تباہ کن ثابت ہوگا۔ مرفی نے یہ بھی کہا کہ صدر ٹرمپ انتخابات کے بعد ایک اور تباہ کن فوجی مہم کی تیاری کر رہے ہیں، جو پہلی جنگ کی طرح ہی غیر قانونی ہے، اور امریکی عوام اس جنگ سے بیزار ہو چکے ہیں۔