کراچی(رفیق مانگٹ)ایران پر نئے امریکی حملے کی تیاری، کرس مرفی کے علاوہ متعدد امریکی و عالمی ذرائع کی بھی تصدیق، ٹرمپ انتظامیہ ایران کے خلاف نئی فوجی کارروائی پر غور کرنے لگی، حتمی فیصلہ تاحال نہیں ہوا،امریکی سینٹرل کمانڈ کو ایران میں بڑے فوجی آپریشن کی تیاری مکمل کرنے کی ہدایت،ایران کے خلاف امریکی اور اسرائیلی فوجی کارروائی دوبارہ شروع ہونے کا امکان محض سینیٹر کرس مرفی کے بیان تک محدود نہیں۔ متعدد معتبر ذرائع ابلاغ نے فوجی تیاریوں، ممکنہ اہداف، خلیجی اتحادیوں کو دی گئی اطلاعات اور سینٹرل کمانڈ کے منصوبوں کے بارے میں رپورٹ کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے 3 نومبر کے وسط مدتی انتخابات کے بعد ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی کے امکانات پر غور شروع کر رکھا ہے۔ ممکنہ کارروائی مختصر مگر شدید ہو سکتی ہے، جس میں ایران کی توانائی کی تنصیبات، بنیادی ڈھانچے اور جوہری مقامات کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ تاہم، صدر ٹرمپ نے حملے کا حتمی فیصلہ نہیں کیا۔ امریکی حکام نے متعدد خلیجی عرب ممالک کو انتخابات کے بعد ممکنہ حملوں اور ایران کی جوابی کارروائی کے خطرات سے آگاہ کیا ہے۔ اتحادیوں کو توانائی کی تنصیبات اور دیگر اہم بنیادی ڈھانچے کو لاحق خطرات کے لیے بھی تیار رہنے کا کہا گیا ہے۔امریکی ویب سائیٹ کے مطابق، پینٹاگون نے امریکی سینٹرل کمانڈ کو ایران میں بڑے فوجی آپریشن دوبارہ شروع کرنے کی تیاری مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق، امریکہ اور اسرائیل نے ممکنہ مشترکہ حملوں کے منصوبے تیار کیے ہیں اور فوجی مشقیں تیز کی ہیں۔ تاہم، فوجی منصوبوں کی تیاری کو حملے کی حتمی منظوری نہیں سمجھا جا سکتا۔امریکی صدر ٹرمپ نے بھی گزشتہ ہفتے ایک انتخابی اجتماع میں کہا تھا کہ امریکہ ایران کے خلاف ’ایک اور چھوٹی ایپک فیوری کارروائی‘ کر سکتا ہے یا ایران معاہدے پر آمادہ ہو سکتا ہے۔ امریکی حکام نے اتحادیوں کو ایرانی جوابی حملوں کے امکان سے بھی خبردار کیا ہے۔ متعدد امریکی اور بین الاقوامی ذرائع نے فوجی تیاریوں اور ممکنہ اہداف کی اطلاع دی ہے-ایران پہلے بھی خبردار کر چکا ہے کہ اگر اس پر نئے حملے کیے گئے تو وہ اپنے دفاع کے لیے جواب دے-