اسلام آباد (زبیر قصوری) مجوزہ آٹو پالیسی 2026تا 2031کے تحت تیار گاڑیوں اور پرزوں کی درآمدی ڈیوٹی میں نمایاں کمی کی تجاویز پر مقامی صنعت نے شدید تحفظات ظاہر کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس سے سالانہ 700ارب روپے سے زائد مالیت کے مقامی پرزوں کی پیداوار اور سپلائی متاثر ہوسکتی ہے۔ پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹوموٹیو پارٹس اینڈ ایکسیسریز مینوفیکچررز (پاپام) کے مطابق مجوزہ اقدامات سے اسمبلرز کا درآمدی پرزوں پر انحصار بڑھے گا، جبکہ مقامی سرمایہ کاری اور صنعت سے وابستہ روزگار خطرے میں پڑسکتا ہے۔جنگ اور دی نیوز کے رابطہ کرنے پر سابق چیئرمین پاپام عامر اللہ والا نے بتایا کہ صنعت اس معاملے پر باقاعدہ لائحہ عمل کے تحت اقدامات شروع کررہی ہے اور وفاقی حکومت سے مذاکرات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آٹوموبائل صنعت کی جانب سے حکومت کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا جارہا ہے اور بتایا جارہا ہے کہ مجوزہ پالیسی کے نتیجے میں پاکستان کی صنعت کو کن مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے۔