• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مجھے ہمیشہ یہ سوچ کر خوشی ہوتی تھی کہ پاکستان خصوصاً پنجاب میں عورتوں کے حقوق،ان کی عزت و وقار اور تحفظ کیلئے بہت اچھی قانون سازی کی گئی ہے۔اب ضرورت صرف معاشرتی رویوں میں تبدیلی کی ہےاسی لیے ہم اپنی تحریروں میں مسلسل رویوں کی تبدیلی، برداشت اور عورت کے احترام کی بات کرتے رہتے ہیں ۔لیکن لاہور میں سرِعام سڑک پر ایک طالبہ کے ساتھ پیش آنیوالے تشدد کے واقعے نے میری اس فخریہ سوچ کو شدید دھچکا پہنچایا،محض راستہ نہ دینے کے تنازع پر ایک شخص نے جس غصے اور طاقت سے طالبہ کو اسکوٹی سے نیچے گرایا اور پھر تشدد کا نشانہ بنایا، وہ صرف ایک لڑکی پر حملہ نہیں تھا بلکہ اس کے وقار، خودمختاری اور بنیادی انسانی احترام پر بھی حملہ تھا۔حملہ آور کی فوری ضمانت پر اعتراض کرنیوالوں کے جواب میںبعض لوگوں کے تبصرے پڑھ کر اذیت دوبالا ہو گئی، محسوس ہوا کہ عورت کی تذلیل کرنے والا صرف وہ ایک شخص نہیں تھا بلکہ ہمارے معاشرے میں ایسے خیالات رکھنے والے بہت سے اور لوگ بھی موجود ہیں جو اس تشدد کو معمولی سمجھتے ہیں۔جن کا کہنا تھا کہ کون سا اس نے کسی کو قتل کر دیا ہے کہ اسے قید کی سزا دی جائے؟ گویا ایک طالبہ کو سرِعام تشدد کا نشانہ بنانا کوئی قابلِ توجہ جرم ہی نہیں؟بعض وکلا نے بھی اس واقعے پر سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کرنے والوں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور وضاحت کی کہ متعلقہ جرم قابلِ ضمانت ہے، اس لیے ضمانت ملنا قانون کے مطابق ہے،یقیناً قانون کے اپنے تقاضے اور حدود ہیں لیکن سوال یہ ہے کہ کیا موجودہ قانون میں اصلاحات کی ضرورت پر بات کرنا بھی غلط ہے؟ایک خاتون وزیراعلیٰ کے دورِ حکومت میں پنجاب میں عورتوں کے ساتھ اس نوعیت کے واقعات کا سامنے آنا یقیناً تشویش کا باعث ہے۔عورتوں کے تحفظ کیلئے قانون سازی کے ساتھ ساتھ ان قوانین پر مؤثر عمل درآمد اور عوامی مقامات پر خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانا بھی ضروری ہے۔

حال ہی میں ایک وفد کے ہمراہ آئی جی پنجاب راؤ عبدالرحیم صاحب سے ملاقات کا موقع ملا۔ان کی گفتگو سے یہ اطمینان ہوا کہ وہ قانون کے مؤثر نفاذ اور خواتین و بچوں کے تحفظ کو بہت اہمیت دیتے ہیں، انہوں نے بتایا کہ پولیس نے اس واقعے میں اپنی ذمہ داری ادا کی اور وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت بھی ہے کہ خواتین کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔اس گفتگو نے مجھے زینب کیس کی یاد دلا دی،اس بچی کے ساتھ ہونے والے ہولناک ظلم کی خبریں سننے کے اگلے ہی دن میں اس وقت کے آئی جی پنجاب سے ملنےاُن کے آفس گئی تو اُنکے ہاتھ پر پٹی بندھی ہوئی تھی، انہوں نے بتایا کہ جب انہوں نے ملزم کو دیکھا تو ایک انسان کی حیثیت سے اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور اسے تھپڑ مار دیا۔ یہ واقعہ یاد دلاتا ہے کہ وردی پہننے والے بھی انسان ہوتے ہیں اور بچوں و عورتوں کیساتھ ہونیوالا ظلم انہیں بھی اندر تک متاثر کرتا ہے۔ آئی جی پنجاب راؤ عبدالرحیم صاحب سے میں نے یہ گلہ بھی کیا کہ جب کوئی شخص ایک بچی یا عورت پر اس قدر ظلم کرتا ہے تو پھر اسے فوری ضمانت ملنے کی گنجائش کیوں باقی رہتی ہے؟ انکی گفتگو سے واضح ہوا کہ پولیس کی کارروائی اور ضمانت کا فیصلہ دو الگ قانونی مراحل ہیں۔ یہی وہ مقام ہے جہاں قانون سازوں کو موجودہ قانونی ڈھانچے کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔

پولیس اور عوام کا تعلق اعتماد، تعاون اور جواب دہی پر قائم ہونا چاہیے۔ایک کروڑوں کی آبادی والے شہر میں چند ہزار پولیس اہلکار ہر گلی، ہر سڑک اور ہر مقام پر موجود نہیں ہو سکتے،جرائم کی روک تھام، خواتین کے تحفظ اور قانون کے نفاذ کیلئے پولیس کو عوام کی گواہی کے ساتھ تعاون کی بھی ضرورت ہوتی ہے،ہمیں ہر واقعے کے بعد پورے ادارے کو موردِ الزام ٹھہرانے کے بجائے حقائق کی بنیاد پر انفرادی ذمہ داری کا تعین کرنا چاہئے۔یہ بھی حقیقت ہے کہ ہر ادارے کی طرح پولیس میں بھی اچھے اور برے لوگ موجود ہیں۔جہاں پولیس اہلکاروں کی کوتاہی،غفلت یا اختیارات کے ناجائز استعمال پر تنقید اور احتساب ضروری ہے وہیں ان اہلکاروں کی حوصلہ افزائی بھی ہونی چاہیے جو مشکل حالات میں اپنی ذمہ داریاں دیانت داری سے ادا کر رہے ہیں۔

پولیس کا ساتھ دینا اور عوامی شعور کو بیدار کرناایک ہی مقصد کے دو ضروری پہلو ہیں۔ہمیں یہ بھی سمجھنا ہوگا کہ مسئلے کا حل صرف قانون سازی میں نہیں بلکہ مجموعی معاشرتی رویوں کی تبدیلی میں بھی ہے۔عورت کے احترام،اس کی خودمختاری اور بنیادی انسانی حقوق کو ہمارے تعلیمی نصاب کا حصہ بنایا جانا چاہیے تاکہ نئی نسل بچپن ہی سے عورت کو ایک برابر کے انسان اور باوقار شہری کی حیثیت سے تسلیم کرنا سیکھے۔

میرا مطالبہ قانون سازی کرنے والوں سے ہے کہ عورت پر ہاتھ اٹھانے، اسے سرِعام تشدد کا نشانہ بنانے، گالیاں دینے، ہراساں کرنے اور اسکی تضحیک کرنے کے حوالے سے موجودہ قوانین کا جائزہ لیں اور جہاں ضرورت ہو وہاں مناسب ترامیم کریں۔ ایسے جرائم کی نوعیت، شدت اور متاثرہ فرد پر انکے اثرات کو قانون میں واضح اہمیت دی جائے تاکہ قانون محض کتابوں میں موجود نہ رہے بلکہ خواتین کیلئے حقیقی تحفظ کا ذریعہ بنے۔ہماری بچیاں پورے اعتماد کے ساتھ اپنے تعلیمی اداروں، ملازمت کی جگہوں اور عوامی مقامات پر آ جا سکیں۔انہیں یہ خوف نہ ہو کہ کسی اجنبی کا غصہ، مردانہ برتری کا احساس یا عدم برداشت ان کی عزت، آزادی اور سلامتی کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔عورت کا احترام صرف قانون کا موضوع نہیں بلکہ ہماری اجتماعی تربیت کا حصہ ہونا چاہئے۔

تازہ ترین