کراچی (رفیق مانگٹ) ایران کے جوہری پروگرام سے منسلک زیرِ زمین مقام ’پکیکس ماؤنٹین‘ ایک بار پھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کے بعد توجہ کا مرکز بن گیا، ٹرمپ نے اس بار اصفہان کےایٹمی مرکز’’ پکیکس مائونٹین ‘‘پر حملے کی دھمکی دے دی ہے۔ ٹرمپ نے ایران کے ایک یا دو مزید مقامات کو نشانہ بنانے میں خاص طور پر پکیکس ماؤنٹین کا نام لیا۔زیر زمین تنصیب کے بعض حصے 80 سے 100 میٹر گہرائی میں ہونے کا اندازہ، امریکی بنکر بسٹر بم GBU-57 کی پکیکس ماؤنٹین کو تباہ کرنے کی صلاحیت پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔ پکیکس ماؤنٹین کا فارسی نام ’کُوہِ کلنگ گَز لا‘ ہے۔ یہ ایران کے صوبہ اصفہان میں نطنز کے جوہری مرکز سے تقریباً 2 کلومیٹر جنوب میں واقع پہاڑی علاقہ ہے۔ اس پہاڑ کے اندر بڑے زیرِ زمین سرنگی نظام کی تعمیر کی گئی ہے، جسے مغربی ماہرین پکیکس ماؤنٹین کہتے ہیں۔ اس مقام کی سب سے اہم خصوصیت اس کی زیرِ زمین ساخت اور سخت گرینائٹ چٹان ہے۔ ماہرین کے اندازوں کے مطابق اس کے بعض حصے زمین سے 80 سے 100 میٹر گہرائی میں ہوسکتے ہیں، تاہم اصل گہرائی اور اندرونی نقشے کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوئی۔امریکا کا سب سے طاقتور روایتی بنکر بسٹر بم GBU-57 بھی ایسی گہرائی میں موجود تنصیبات کو تباہ کرنے کی صلاحیت کے حوالے سے سوالات کا سامنا کرتا ہے۔