کراچی (طاہر عزیز۔اسٹاف رپورٹر) اپوزیشن لیڈر بلدیہ عظمیٰ کراچی سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ میئر کراچی سوتنوں کی طرح لڑنے کے بجائے کام کر کے دکھائیں چنیسر ٹاؤن نے سندھی مسلم فوڈ واک قائم کر کے سڑک کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا ،شہریوں کی زندگی اجیرن کردی گئی ، سڑک ٹریفک کیلئے بند اور عوام پریشان ہیں۔پیپلز پارٹی کی میئر شپ میں کراچی کے منصوبوں کی لاگت تین گنا بڑھ گئی، پارکوں پر بھی قبضے ہونے لگے۔ جماعت اسلامی سے آپ کبھی مقابلہ نہیں کر سکتے 18 سال سے کراچی میں کام کیوں نہیں ہوئے، اب ناصر شاہ ، شرجیل میمن اور مرتضی وہاب کو پریس کانفرنس کر کے بتانا پڑ رہا ہے یہ کام تو پیپلز پارٹی کو بہت پہلے کر لینا چاہیئے تھے انہیں قوم سے معافی مانگنا چاہیئے۔پیر کو میئر کی پریس کانفرنس کے بعد کے ایم سی ہیڈآفس میں یونس سوہن اور تیمور احمد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ گلی گلی غیرقانونی تعمیرات اور کمرشلائزیشن ہو رہی ہے، یہ سو روپے کا کام دو اور تین سو روپے میں کرتےہیں۔