اسلام آباد :(انصار عباسی)…بہن روبینہ خان اور بیٹے قاسم خان کے نام سے منسوب سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے عمران خان کی صحت سے متعلق تشویش ناک دعوؤں کا ماخذ تاحال واضح نہیں ہو سکا، بالخصوص اس کے بعد کہ سابق وزیراعظم کے وکیل سلمان صفدر نے ان اطلاعات کا ذریعہ ہونے سے لاتعلقی ظاہر کر دی ہے۔ روبینہ خان نے سوشل میڈیا پر قاسم خان کی جانب سے شیئر کیے گئے ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ ان کے بھائی نے انہیں پیغام دیا ہے کہ ان کا بلڈ پریشر اچانک بڑھ کر 192؍ ہو گیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ جیل میں ان کی جان کو خطرہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کو فوری طور پر ان کے ذاتی معالج کی موجودگی میں کسی آزاد طبی ادارے میں داخل کرایا جائے۔ قاسم خان نے بھی بلڈ پریشر میں مبینہ اضافے کو اپنے والد کی طویل تنہائی سے جوڑتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر انہیں رہا نہ کیا گیا تو وہ اپنی جیل کی کوٹھڑی میں ہی دم توڑ سکتے ہیں۔ ان بیانات کے بعد سابق وزیراعظم کی صحت کے حوالے سے خاصی تشویش پیدا ہوئی، بالخصوص اس لیے کہ یہ بیانات ان کے وکیل سلمان صفدر کی 2؍ نومبر کو اڈیالہ جیل میں ان سے ملاقات کے چند روز بعد سامنے آئے۔ تاہم، ان اطلاعات کے بارے میں پوچھے جانے پر سلمان صفدر نے کہا کہ وہ عمران خان کی صحت سے متعلق گردش کرنے والی باتوں کا ذریعہ نہیں۔ خود کو ایک پیشہ ور وکیل قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا کردار قانونی ذمہ داریوں تک محدود ہے اور وہ کسی کے پیغام رساں نہیں ہیں۔ ملاقات کے بعد سلمان صفدر نے انکشاف کیا تھا کہ جیل حکام نے 2؍ نومبر کو ساڑھے چار بجے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ عمران سے 40؍ منٹ کی ملاقات کا انتظام کیا تھا۔ انہوں نے بتایا تھا کہ متعدد درخواستوں اور استدعا کے بعد 7؍ ماہ میں عمران خان سے اور 11؍ ماہ میں بشریٰ بی بی سے ان کی یہ پہلی ملاقات تھی۔ دریں اثنا، ملاقات کے حالات سے واقف ذرائع نے عمران خان کی صحت کے بارے میں قدرے مختلف صورتحال بیان کی ہے۔ ان ذرائع کے مطابق، سابق وزیراعظم نے ضرور بتایا تھا کہ ایک مرتبہ ان کا بلڈ پریشر تقریباً 190؍ تک پہنچ گیا تھا۔ تاہم، انہوں نے مجموعی طور پر ان کی صحت کو بہتر قرار دیا اور کسی فوری سنگین طبی ہنگامی صورتحال کی نشاندہی نہیں کی۔ روبینہ خان اور نہ ہی قاسم خان نے عوامی سطح پر اس شخص کی نشاندہی کی ہے جس نے انہیں صحت سے متعلق یہ مبینہ اطلاع پہنچائی تھی۔ خاندان کی جانب سے سوشل میڈیا پر ظاہر کی گئی تشویش ناک حالت اور دیگر ذرائع کی جانب سے سامنے آنے والے بیان میں فرق نے سابق وزیراعظم کی صحت کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔