• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

24 گھنٹے کی ڈیوٹی نے روبوٹس کی کارکردگی کا پول کھول دیا، 6 میں سے 2 ناکام

---فوٹو بشکریہ غیر ملکی میڈیا
---فوٹو بشکریہ غیر ملکی میڈیا 

چین میں 6 ہیومینائیڈ روبوٹس 24 گھنٹے تک شنگھائی کے ایک سپر اسٹور میں کام کرنے کے تجربے میں شریک ہوئے جن میں سے 4 روبوٹس نے تسلی بخش کارکردگی دکھائی جبکہ 2 اپنی ذمے داریاں پوری کرنے میں ناکام رہے۔

چینی کمپنی ایجی بوٹ کی جانب سے ’روبوٹس کبھی چھٹی نہیں کرتے‘ کے عنوان سے کیے گئے اس تجربے کا مقصد یہ جانچنا تھا کہ روبوٹس دن اور رات کے مختلف اوقات میں دکان کے معمول کے کام کتنی مہارت سے انجام دے سکتے ہیں۔

تجربے کے دوران 6 روبوٹس نے مجموعی طور پر 1,730 کام مکمل کیے جن میں 683 صارفین کا استقبال، 369 اشیاء نکالنے اور پہنچانے کے کام، 147 مرتبہ کافی کی تیاری، 126 گرم کھانوں کے آرڈرز، 277 شیلفس کی جانچ اور اشیاء دوبارہ رکھنے جبکہ 128 میزوں کی صفائی کے کام شامل تھے۔

تجربے میں دوپہر کے رش، شام کے اوقات، رات کی ڈیوٹی اور صبح ناشتے کے وقت روبوٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

صفائی پر مامور ایک روبوٹ راستے میں بھرا ہوا کوڑا دان دیکھ کر اپنے مقررہ راستے سے ہٹ کر دکان سے باہر نکل گیا اور واپس اپنی جگہ نہ پہنچ سکا۔

دوسرا روبوٹ شیلفس کی نگرانی اور اشیاء دوبارہ رکھنے کی ذمے داری پوری کرنے میں ناکام رہا اور دکان میں اشیاء کی فروخت کی رفتار کے مطابق کام نہ کر سکا۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ انسان نما روبوٹس میں ذہانت کے باوجود انہیں حقیقی دنیا میں ہارڈویئر کنٹرول کرنے اور خود مختاری سے کام کرنے میں اب بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ امریکی کمپنی ’ڈائمینشنل‘ نے بھی اپنے روبوٹ کتوں کو شہری ماحول میں چلانے اور ان کی خودمختار نقل و حرکت بہتر بنانے کے لیے انسانی معاونین کی خدمات حاصل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

کمپنی کے بانی اسٹیش پومیخٹر کے مطابق تجربے سے ثابت ہوا کہ مصنوعی ذہانت پر مبنی نظام اب بھی مشینوں اور ہارڈویئر کو مؤثر انداز میں کنٹرول کرنے میں کمزور ہے۔

کمپنی نے چین، جرمنی اور امریکا کی مختلف کمپنیوں سے 100 روبوٹ کتے اور 50 انسان نما روبوٹس خریدے ہیں۔

سان فرانسسکو کی سڑکوں پر نظر آنے والے 2,000 ڈالرز مالیت کے روبوٹ کتے چینی کمپنی یونٹری سے خریدے گئے تھے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید