• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاست بڑا بے رحم کھیل ہے۔اس میں اپنے مفاد کے حصول کیلئےدوستی ، تعلق اور قربانی تو بڑے دور کی بات ہے خون کے رشتوںکی بھی پروا نہیں کی جاتی۔ سیاست میں کل کے دوست آج کے دشمن بن جاتے ہیں اور سیاست کی مجبوریاںکل کے دشمنوں کو آج کا دوست بنا دیتی ہیں ۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی 2006ء میں ’’ میثاق جمہوریت ‘‘ پر دستخط کرنے کے سوا کبھی اکھٹی نہ ہوئیں ایک دوسرے کے خلاف سخت زبان استعمال کرتی رہیںلیکن عمران خان کی حکومت گرانے کا معرکہ انہوں نے جمعیت علما اسلام اور ایم کیو یم کے تعا ون سے سر کر لیا ۔آصف علی زرداری نے شہباز شریف کو وزیر اعظم بنوا دیا لیکن اقتدار کی تقسیم میںکل کے دوستوں کو آج کا دشمن بنا دیا ۔ مولانا فضل الرحمن کی صدارت میں قائم پی ڈی ایم نے عمران خان کی حکومت کو ’’ووٹ آئوٹ‘‘ کر دیا ۔8فروری2024 ء کے انتخابات میں جمعیت علما اسلام کی نشستیں چھن جانے پرمولانا فضل الرحمن مقتدرہ سے ناراض ہو گئے۔موجودہ حکومت کو قائم ہوئے اڑھائی سال ہو گئے ہیںاس عرصے کے دوران کبھی جمعیت علما اسلام کے وفاقی حکومت کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم رہے ،کبھی وہ اپوزیشن بنچوں پر جا کر بیٹھ جاتی رہی لیکن دونوں جماعتوں کے درمیان اتنے فاصلے نہیں بڑھے تھے جتنے اب بڑھے ہیں۔دونوں جماعتوں کے قائدین نے ایک دوسر ے کی طرف توپوں کا رخ کر دیا ہے۔ باتوں باتوں میں دونوں اطراف نے ایک دوسرے کو بہت کچھ کہہ دیا ہے اورایسا دکھائی دیتا ہے دونوں جماعتوں کی قیادت کو مل بیٹھنے میں بہت وقت لگے گا۔مولانا فضل الرحمن نے غصے میں اسٹیبلشمنٹ بارےوہ کچھ کہہ دیا جونہیں کہنا چاہیے تھا، جس پر مسلم لیگ (ن) کے کچھ لیڈر میدان میں آگئے اور مولاناپر ’’جوابی حملہ‘‘ کیا۔ وفاقی حکومت جس جماعت کو وفاق اور کے پی کےدرمیان ’’ثالثی‘‘ کا کردار سونپ رہی تھی اب اس سے بول چال بھی بند ہو گئی ہے۔ پی ٹی آئی اس لڑائی میں تماش بین بننے کی بجائے جمعیت علما اسلام سے دوستی کی پینگیں بڑھا رہی ہے اور جمعیت علما اسلام بھی اپوزیشن اتحاد کا حصہ بن گئی ہے ۔مسلم لیگ ن اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے درمیان سیاسی تنازع نے ذاتی لڑائی کی شکل اختیار کر لی ہے کل تک جو اتحادی تھے آج ایک دوسرے کو ''جمہوریت کا قاتل'' قرار دے رہے ہیں اس صورتحال میں وزیر اعظم شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم محمد ا سحٰق ڈار کی خاموشی معنی خیز ہے۔ مولانا فضل الرحمن شدید تنقید کی انتہائوں کو چھونے کے با وجود یہ بات برملا کہہ رہے ہیں کہ ’’وہ مقتدرہ سے گلہ کریں گے کہ انہوں نے کونسا جرم کیا ہے؟‘‘ تاہم مولانا فضل الرحمن کی گفتگو سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علما اسلام کے درمیان سیز فائر کی گنجائش موجود ہے ۔صرف میاں نواز شریف کی مداخلت سے ہی سیز فائر ممکن ہے اگر یہ تنازع بڑھ گیا تونقصان فریقین کا ہی ہوگا۔ مولانا فضل الرحمن بے شک مسلم لیگ (ن) کےخلاف اعلان جنگ کر لیں پی ٹی آئی کے دل میں ان کیلئے نرم گوشہ نہیں ہو گا حالات کی مجبوری جمعیت علما اسلام اور پی ٹی آئی کے درمیان فاصلے کم کر سکتی ہے ۔اس وقت عجب صورتحال ہے وفاقی حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان ٹھن چکی ہے۔ وفاقی حکومت جسکے بارے میں جمعیت علما اسلام اپنے دل میں نرم گوشہ رکھتی تھی دونوں کے درمیان اس قدر فاصلے بڑھ گئے ہیں جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی ۔وفاقی حکومت کا موقف ہے مولانا فضل الرحمن کے پی کے میں اپنا حصہ مانگ رہے تھے حصہ نہ ملنے پر مولانا فضل الرحمنٰ برہم ہو گئے اور الزام تراشی شروع کر دی جبکہ مولانا فضل الرحمن کا موقف بالکل مختلف ہے۔ کے پی کے میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے بعد کے 4 بڑے فیصلے کئےگئے ہیں، وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی اور پوری کابینہ فارغ کر دی گئی ہے اب صوبے کے چیف ایگزیکٹو گورنر فیصل کریم کنڈی ہیں جن کی مدد کیلئے 11رکنی ٹیکنوکریٹک ایڈوائزری کونسل بنائی گئی ہے نیا چیف سیکرٹری ڈاکٹر فخر عالم عرفان کو تعینات کیا گیا ، نیا آئی جی بھی تعینات کر دیاگیا ہے. فوج کو آرٹیکل 245 کے تحت ’’سول کی مدد‘‘ کیلئے بلایا گیا ہے،تا حال کے پی کے اسمبلی تحلیل نہیں ہوئی تاہم معطل ہے پارلیمنٹ نے کے پی کے میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کی منظوری دے دی ہے۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ یہ غیر آئینی اقدام ہے ۔گورنر راج 2 ماہ چلے گا یا اس میں مزید 6 ماہ تک اضافہ ہو سکتا ہے فی الحال کچھ نہیں کہا جا سکتا ۔ سپریم کورٹ میں کیس لگے گا تو فیصلہ ہوگا کہ کیا’’د ہشت گردی میں اضافہ‘‘ گورنر راج کا جواز بن سکتا ہے؟ مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علما اسلام پوائنٹ آف نو ریٹرن پر پہنچ چکی ہیں ۔ مولانا فضل الر حمن کی واپسی کا بھی کوئی امکان نہیں مولانا فضل الرحمن پی ٹی آئی کیمپ میں اپنی جگہ بنا نے کی کوشش کریںگے۔مولانا فضل الرحمن جو ایک سانس میں خواجہ آصف کو اپنا دوست قرار دیتے ہیں تو دوسرے سانس میں کہتے ہیں میں نے تھوڑی سی گدگدی کی ہے جس پر خواجہ آصف نے بھی مولانا کا لحاظ رکھے بغیر وہ سب کچھ کہہ دیا جس کی سیاسی اخلاقیات اجازت نہیں دیتی اور پھر اس پر طرفہ تماشا یہ کہنا کہ ’’وہ بھی مولانا فضل الرحمن دو سو فیصد دوست ہیں‘‘، دونوں اطراف سے ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالنا کہاں کی دوستی ہے ؟جے یو آئی کا موقف ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے ''ووٹ کو عزت دو'' کا نعرہ دفن کر دیا، پارلیمنٹ کو ڈمی بنا دیا، ہمارے 250علما دہشت گردی میں شہید ہوئے ہیں ، ہمیں غداری کا طعنہ نہ دیں ورنہ یہ لڑائی بیانات سے بہت آگے بڑھ جائے گی ۔

تازہ ترین