لاہور( آصف محمود بٹ)پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سول سروس ڈپلومیسی کے نئے دور کا آغاز۔ نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی میں یومِ اقبال پر کیک کاٹنے کی تقریب ، دونوں ملکوں کے سول سروس افسران کے مابین ادارہ جاتی روابط بڑھانے کا عزم ۔بنگلا دیش سول سروس کے 34 سینئر افسران ایگزیکٹو لیڈرشپ ٹریننگ کیلئے لاہور پہنچ گئے، پاک بنگلہ دیش نالج کوریڈور کے تحت دو ہفتے کا تربیتی پروگرام۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو روایتی سفارتی روابط سے آگے بڑھاتے ہوئے سول سروس ڈپلومیسی، ادارہ جاتی تعاون اور پیشہ ورانہ اشتراک کے نئے دور کا آغاز ہوگیا ہے، بنگلہ دیش سول سروس کے ایڈیشنل سیکرٹریز اور جوائنٹ سیکرٹریز سمیت 34 سینئر افسران دو ہفتے کے ایگزیکٹو لیڈرشپ ٹریننگ پروگرام میں شرکت کیلئے لاہور پہنچ گئے، جبکہ ان کی آمد کے موقع پر یومِ اقبال کی مناسبت سے نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی میں کیک کاٹنے کی تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں جسٹس (ر) ناصرہ اقبال نے خصوصی شرکت کی۔ پاکستان بنگلہ دیش نالج کوریڈور کے تحت شروع کیے جانے والے اس پروگرام کی سرپرستی ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کررہا ہے۔