• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی ایشیا میں سیاسی مداخلت، بیوروکریسی کی مراعات گڈ گورننس کی راہ میں رکاوٹ، ڈاکٹر عشرت حسین

لاہور(آصف محمود بٹ) سابق گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عشرت حسین نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیائی ممالک میں سیاسی مداخلت، بیوروکریسی کی مراعات ، اختیارات کی حد سے زیادہ مرکزیت، فرسودہ انتظامی ڈھانچے اور ادارہ جاتی اصلاحات کی مخالفت گڈ گورننس اور عوامی خدمات کی فراہمی میں بڑی رکاوٹیں ہیں۔سول سروس میں سیاسی وفاداری کے بجائے میرٹ، کارکردگی اور غیرجانبداری کو بنیاد بنایا جائے، دارہ جاتی اصلاحات اور ڈیجیٹل گورننس ناگزیر ۔انہوں نے مقامی حکومتوں کو اختیارات اور وسائل کی منتقلی پر زور دیا ۔ مزید کہا کہ مؤثر ریاست کے قیام کے لیے سول سروس کو سیاسی طور پر غیرجانبدار، پیشہ ورانہ طور پر اہل اور عوام کے سامنے جواب دہ بنانا ہوگا، جبکہ مقامی حکومتوں کو اختیارات اور مالی وسائل کی منتقلی، میرٹ پر ترقی اور ماہرین کو مساوی مواقع دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی (این ایس پی پی) لاہور کے ایگزیکٹو ڈویلپمنٹ انسٹی ٹیوٹ (ای ڈی آئی) میں بنگلہ دیش کے 34 سینئر سول سرونٹس، جن میں ایڈیشنل سیکریٹریز اور جوائنٹ سیکریٹریز شامل ہیں سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عشرت حسین نے کہا کہ برطانوی نوآبادیاتی دور سے ورثے میں ملنے والے انتظامی ڈھانچے آزادی کے بعد بھی بڑی حد تک برقرار رہے، حالانکہ خطے کے سیاسی، معاشی اور سماجی تقاضے بنیادی طور پر تبدیل ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ برطانوی حکمرانوں کا مقصد وفادار سرکاری افسروں کے ذریعے برصغیر کے عوام پر کنٹرول برقرار رکھنا اور وسائل سلطنت کے مفاد میں استعمال کرنا تھا۔ بدقسمتی سے آزادی کے بعد بھی انتظامیہ اور عوام کے تعلقات میں آقا اور محکوم کا تصور مکمل طور پر ختم نہیں ہوسکا۔

اہم خبریں سے مزید