• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

120 ارب روپے کے آن لائن جوا اسکینڈل میں پیش رفت

اسلام آباد (زبیر قصوری) پاکستان میں تقریباً 120 ارب روپے کے مبینہ آن لائن جوئے اور غیر قانونی مالیاتی لین دین کے بڑے اسکینڈل کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ مزید 69 کروڑ روپے کی مشتبہ ٹرانزیکشنز کا سراغ،ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان نگرانی۔تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے تقریباً 69 کروڑ روپے کی مشتبہ بینک ٹرانزیکشنز، مختلف کمپنیوں کے درمیان رقوم کی منتقلی، تیسرے فریق کے بینک اکاؤنٹس اور حوالہ ہنڈی کے ذریعے مبینہ طور پر بیرون ملک رقوم منتقل کرنے والے نیٹ ورک سے متعلق اہم مالیاتی شواہد حاصل کر لیے ہیں۔ تحقیقات کا دائرہ بینک افسران، کمپنی مالکان اور مشتبہ مالیاتی سہولت کاروں تک وسیع کر دیا گیا ہے، جبکہ مزید گرفتاریوں کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔اس حوالے سے رابطہ کرنے پر ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا کہ ڈائریکٹر ایف آئی اے فیصل آباد زون اور ان کی ٹیم اس اہم مقدمے پر کام کر رہی ہے اور وہ تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت اور دیگر تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود اس مقدمے کی تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لے رہے ہیں تاکہ تمام متعلقہ پہلوؤں پر مؤثر انداز میں کارروائی آگے بڑھائی جا سکے۔تقریباً 120 ارب روپے کے اس بڑے آن لائن جوئے اور مشتبہ مالیاتی لین دین کے اسکینڈل کو روزنامہ جنگ اور دی نیوز نے اپنی خصوصی تحقیقاتی رپورٹس کے ذریعے عوام کے سامنے لانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

اہم خبریں سے مزید