امریکا نے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق خفیہ معلومات حاصل کرنے کے لیے گزشتہ ہفتے 2 کروڑ ڈالرز کے انعام کا اعلان کیا ہے۔
ایرانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اب ایران نے اس امریکی پیشکش کے خلاف اقوامِ متحدہ اور عالمی جوہری توانائی ایجنسی کو خط لکھ دیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے خط میں عالمی اداروں سے امریکی اقدام کی مذمت کا مطالبہ کیا ہے اور اس امریکی اقدام کو خطرناک قرار دیا ہے۔
عباس عراقچی نے لکھا ہے کہ امریکی پیشکش سے جاسوسی اور تخریب کاری کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔
اُنہوں نے لکھا ہے کہ ایرانی جوہری تنصیبات سے وابستہ سائنسدانوں، عملے کو نشانہ بنانے کے خطرات ہو سکتے ہیں۔
ایرانی وزیرِ خارجہ نے لکھا ہے کہ ایسے اقدامات سے آئی اے ای اے کے حفاظتی نگرانی کے نظام کی ساکھ بھی متاثر ہو گی۔
اُنہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ اور سلامتی کونسل اس معاملے پر امریکا کو جواب دہ ٹھہرائیں، بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی بھی اس معاملے کو بورڈ آف گورنرز کے سامنے اٹھائے۔
واضح رہے کہ امریکی محکمۂ خارجہ نے گزشتہ ہفتے 2 کروڑ ڈالرز انعام کا اعلان کیا تھا۔