دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں اکثر اول نمبر پر شمار ہونیوالے لاہور کی فضائی آلودگی اب محض ماحولیاتی مسئلہ نہیں رہی بلکہ یہ ہماری صحت، زندگی اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کا سوال بن چکی ہے۔ایک تو دنیا کے چارٹ پر سب سے آلودہ شہروں میں اپنے شہر کو دیکھنا شدید شرمندگی کا باعث محسوس ہوتا ہے کیونکہ اس سے صرف حکومت کی ترجیح نہیں بلکہ ہماری طرزِ زندگی اور جہالت بھی عیاں ہوتی ہے ۔جب کبھی ملک سے باہر اس پر مکالمہ ہوتا ہے تو لوگ ہمیں حیرت سے دیکھتے اور سوچتے ہیں کہ ہمارے قول وفعل میں کس قدر تضاد ہے۔ہم زبانی طور پر صفائی نصف ایمان کا ورد کرتے نہیں تھکتے اور عملی طور پر صفائی کو بالکل اہمیت نہیں دیتے۔ہر سال اسموگ کے موسم میں ہم سانس لینے،گھروں سے باہر نکلنے اور معمولاتِ زندگی جاری رکھنے میں مشکلات کا سامنا کرنے کے علاوہ گلے، آنکھوں اور ناک کی بیماریوں کی اذیت برداشت کرتے ہیں۔اس ساری صورتحال کے بارے ہم حکومت اور متعلقہ اداروں سے اقدامات کا مطالبہ تک محدود رہتے ہیں اور کبھی یہ سوچنے کی زحمت گوارا نہیں کرتے کہ بحیثیت شہری اس ضمن میں ہمارے کیا فرائض اور ذمہ داریاں ہیں اور ہم خود اس آلودگی کو کم کرنے کیلئے کیا کر سکتے ہیں؟جو ہماری صحت اور شہر کی خوبصورتی کی قاتل ہے۔
اگر ہم ایسا کرتے تو آج یہ تصویر اتنی دھندلی نہ ہوتی تاہم آج سے تبدیلی کا آغاز اپنے گھر،گلی، محلے اور اپنی روزمرہ زندگی سے شروع کرتےہیں۔ سب سے پہلے تو جن علاقوں میں پبلک ٹرانسپورٹ میسر ہے وہاں کے لوگ غیر ضروری طور پر ذاتی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں استعمال کرنے کے بجائے پبلک ٹرانسپورٹ، کار پولنگ اور مشترکہ سفری سہولتوں کو ترجیح دیں اور مختصر فاصلے پیدل یا سائیکل پر طے کریں۔اپنی گاڑیوں کی بروقت ٹیوننگ اور دیکھ بھال کروائیں، گاڑی کھڑی ہو تو انجن بند رکھیں اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی نشاندہی کریںجو صاحب استطاعت ہیں وہ الیکٹرک گاڑیوں کی طرف جائیں۔گھروں،گلیوں اور خالی پلاٹوں میں کوڑا کرکٹ، پلاسٹک، ٹائر اور سوکھے پتے ہرگز خود بھی نہ جلائیں اور دوسروں کو بھی ایسا نہ کرنے پر قائل کریں۔ بجلی اور گیس کی بچت کریںغیر ضروری برقی آلات بند رکھیں،توانائی بچانے والے آلات استعمال کریں اور استطاعت کے مطابق شمسی توانائی کو اپنائیں گردو غبار کو کنٹرول کرنے کیلئے مناسب اقدامات کریں اور صفائی کیلئے خشک جھاڑو سے گریز کریں۔سڑکوں اور گلیوں میں خشک جھاڑو سے صفائی کرنیوالے گرد کو پورے علاقے اور فضا میں پھیلا کر آلودگی میں اضافہ کرتے ہیں۔ اپنے کاروبار، دفاتر، تعلیمی اداروں اور ورکشاپس میں آلودگی کم کرنے کے اقدامات کریں۔ مشینری اور جنریٹرز کی مناسب دیکھ بھال کریں اور ملازمین کیلئے مشترکہ ٹرانسپورٹ کی حوصلہ افزائی کریں،گھروں اورا سکولوں میں بچوں میں ماحول دوستی کا شعور پیدا کریں۔فضائی آلودگی کی شدت کے بارے میں روزانہ آگاہ رہیں،اسموگ زیادہ ہو تو غیر ضروری بیرونی سرگرمیاں محدود کریں اور باہر جانا ضروری ہو تو مناسب حفاظتی ماسک استعمال کریں۔سوشل میڈیا کو صرف شکایات کے لیے نہیں بلکہ شعور اور آگاہی کے لیے بھی استعمال کریںاپنے دوستوں، اہل محلہ اور سماجی حلقوں کو اس مہم میں شامل کریں۔اگرچہ انفرادی کوششیں حکومتی ذمہ داریوں اور اقدامات کا متبادل نہیں بن سکتیں مگر انفرادی کاوشوں سے فرق ضرور پڑتا ہے اور جو کام حکومت اور عوام مل کر کریں اُس میں کا میابی یقینی ہوتی ہے۔حکومت کو ہر روٹ پر معیاری اور قابلِ اعتماد پبلک ٹرانسپورٹ فراہم کرنی چاہیے اور یہ ایک آدھ گاڑی نہ ہو بلکہ ہر دس پندرہ منٹ بعد گاڑی میسر ہو تاکہ لوگ اپنی ذاتی گاڑیوں کے بجائے اجتماعی سفری سہولتوں کو ترجیح دے سکیں۔اس میں امیر اور غریب علاقوں کی تخصیص بھی نہیں ہونی چاہیے۔اگر میرے گھر کے نزدیک کسی اسٹاپ سے پبلک ٹرانسپورٹ گزرتی ہو تو میں اُس میں سفر کو تر جیح دوں۔ صنعتی دھوئیں، گاڑیوں کے اخراج،اینٹوں کے بھٹوں، فصلوں کی باقیات جلانے اور تعمیراتی گردوغبار پر مؤثر نگرانی اور قانون کا نفاذ ناگزیر ہے ۔حکومت دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو بند کرے گی تو لوگ اس روش کو ترک کریں گے،تعمیراتی کمپنیوں کو بھی صفائی کے ضابطوں کا پابند بنانا حکومت کا کام ہے ۔ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ صاف ہوا کسی حکومت یا ادارے کا احسان نہیں بلکہ ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔لاہور صرف ہمارا شہر نہیں بلکہ ہماری تہذیب، تاریخ اور شناخت بھی ہے۔ہم نے اپنی آنے والی نسلوں کو ایک خوبصورت، سرسبز اور صحت مند لاہور دینا ہے، دھوئیں اور آلودگی میں ڈوبا ہوا شہر نہیں۔آئیے کوئی عہد کرنے کی بجائے اپنے حصے کی ذمہ داری کو عملی طور پر ادا کرنےکی شروعات کریں۔اپنے گھر سے آغاز کریں،اپنے محلے کو ساتھ ملائیں اور اس پیغام کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچائیں۔میرا لاہور، میری ذمہ داری .صاف ہوا، صحت مند زندگی، اگر سب شہروں کے لوگ اپنے شہروں کو صاف اور خوبصورت بنانے کیلئے کاوش کریں تو ہم کافی حد تک اس مسئلے پر قابو پا سکتے ہیں۔