لاہور(آصف محمود بٹ) پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تجارتی، صنعتی اور ادارہ جاتی روابط کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے بنگلہ دیش کے سینئر سول سروس افسران کے وفد نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، اٹلس ہونڈا کے شیخوپورہ پلانٹ اور سول سروسز اکیڈمی کا دورہ کیا مشترکہ انتظامی تاریخ اور ادارہ جاتی روابط کی تجدید دورہ افسران کیلئے یادگار بن گیا، مستقبل میں سول سروس کی تربیت کیلئے مشترکہ ادارے کے قیام پر غور کا امکان، وفد کو پاکستان کے کاروباری ماحول، صنعتی ترقی، موٹر سائیکلوں کی مقامی سطح پر تیاری، برآمدی صلاحیت اور سول سروس کی تربیتی روایات سے آگاہ کیا گیا۔بنگلہ دیشی وفد کے سربراہ مصطفیٰ زمان نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں جو فاصلہ پیدا ہوا، اسے باہمی رابطوں اور نئے تعاون کے ذریعے ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان بہتر ہوتے تعلقات کو تجارتی شراکت داری اور ادارہ جاتی تعاون میں تبدیل کرنے کے امکانات کو اجاگر کرنا تھا۔ایگزیکٹو ڈویلپمنٹ پروگرام (ای ڈی پی) کے چھٹے روز بنگلہ دیشی افسران نے سب سے پہلے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا، جہاں سیکرٹری جنرل شاہد خلیل نے وفد کا استقبال کیا اور چیمبر کی تاریخ، تنظیمی ڈھانچے اور کاروباری برادری کی سہولت کے لیے اس کے کردار پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ 1923ء میں قائم ہونے والا لاہور چیمبر پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی ادارہ ہے، جو مقامی کاروباری افراد کو ایک پلیٹ فارم مہیا کرنے کے ساتھ عالمی منڈیوں سے روابط کے فروغ میں بھی کردار ادا کرتا ہے۔