• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کاروباری شعبہ کو ریلیف دینے کیلئے سپر ٹیکس کم کررہے ہیں، چیئرمین ایف بی آر

لاہور(آصف محمود بٹ) چیئرمین ایف بی آر راشد محمودلنگڑیال نے کہا ہے کہ کاروباری شعبہ کو ریلیف دینے کے لیے سپر ٹیکس کم کررہے ہیں، فاسٹ ٹریک کے تحت ٹیکس ریفنڈز میں تاخیر کا مسئلہ ختم کر دیا ، ڈی جی ٹیکس پالیسی کا تقرر جلد عمل میں لایاجائے گا، پالیسی سازی کا شعبہ الگ ہوگا ، ایف بی آر ان کے نفاذ کے لیے کردار ادا کرے گا۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری آمد پر روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر نے مزید کہا کہ سپر ٹیکس کو کم کررہے ہیں تاکہ کاروباری شعبہ کو ریلیف مل سکے۔ ملک میں نئی صنعتوں کے قیام پر توجہ مرکوز ہے تاکہ روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا ہوسکیں۔ وزیراعظم ڈی جی ٹیکس پالیسی کے تقرر کی جلد منظوری دے دیں گے۔ کاروباری برادری کے تحفظات تھے کہ ایف بی آر پالیسی سازی اور نفاذ دونوں میں کردار ادا کررہا ہے جس کی وجہ سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہورہے۔ اب پالیسی سازی کا شعبہ الگ ہوگا جبکہ ایف بی آر ان کے نفاذ کے لیے کردار ادا کرے گا۔ چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ فاسٹ ٹریک کے تحت ٹیکس ریفنڈز میں تاخیر کا مسئلہ ختم کر دیا گیا ہے۔ کاروباری برادری اس بات کی تصدیق کریں کہ ہر ماہ کی 13 تاریخ تک موصول ہونے والے ریفنڈ کلیمز اگلے ماہ کی 3 یا 4 تاریخ تک پراسیس اور ادا کیے جا رہے ہیں یا نہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ریفنڈز کی ادائیگی دو مختلف کیٹیگریز کے تحت کی جا رہی ہے، جن میں فاسٹ ٹریک ریفنڈز شامل ہیں۔ تقریباً 47 ارب روپے کے ریفنڈز کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 30 فیصد زیادہ ریفنڈز جاری کیے گئے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید