اسلام آباد (زبیر قصوری) وفاقی حکومت نے 120 ارب روپے کے مبینہ آن لائن جوئے، حوالہ ہنڈی اور منی لانڈرنگ کے بڑے مالیاتی اسکینڈل کی جامع اور اعلیٰ سطحی تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت داخلہ متحرک، FIA، این سی سی آئی اے اور دیگر اداروں کے سینئر افسران تحقیقات میں شامل ہونگے۔وفاقی حکومت کی ہدایت پر وزارت داخلہ نے معاملے کے تمام پہلوؤں کی چھان بین کے لیے مختلف تحقیقاتی اور متعلقہ اداروں کے سینئر افسران پر مشتمل اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) عثمان انور نے اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایف آئی اے، نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے)، متعلقہ مالیاتی مانیٹرنگ اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران پر مشتمل مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے، جو 120 ارب روپے کے اس مبینہ مالیاتی اسکینڈل کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لے گی۔