• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئزک نیوٹن :میرا آئی کیو لیول نیوٹن جتنا ہے اور میں روزانہ 14گھنٹے ملک چلانے کیلئے محنت کرتا ہوں میری ذہانت کا اندازہ اس سے لگائیں کہ میں اس ملک میں سب سے زیادہ عہدوں پر رہنے والا شخص ہوں اور اگر گھر والوں نے ساتھ دیا تو اگلے 5سال بھی میرے ہیں میرے جیسا کوئی نہیں۔میرے وزیر مشیر سچ کہتے ہیں کہ میں اصلی نیوٹن سے بھی بڑھ کر ہوں۔

آئن اسٹائن : حقائق اور مفروضوں کو الگ رکھیں آئی کیو لیول کی بات آپ کے مشیر باتدبیر نے بتائی ہے اور 14گھنٹے محنت والی بات آپ کے طاقتور و بااختیار وزیر نے کہی ہے۔ یہ دعوے ہیں انکا سائنسی حقیقت سے کوئی تعلق نہیں آپ سب سے زیادہ عرصہ حکمران رہنے والے شخص ضرور ہیں مگر نوازشریف یا بے نظیر جیسے نہیں، آپ نے عوامی سیاست کی اور نہ کبھی آپ نے کوئی سیاسی بیانیہ بنایا جو کہ ایک سیاسی لیڈر کی بنیادی شرط ہوتی ہے۔

آئزک نیوٹن :دیکھیں میں آپ کی عزت بھی کرتا ہوں اور آپ کا اختلاف بھی سن لیتا ہوں۔ آپ ایک کتابی آدمی ہیں آپ کو نہ عملی تجربہ ہے نہ آپ نے کبھی میرے جیسی سائنسی سیاست کی ہے میری سیاست سائنٹفک ہے میں اپنی تھیوری میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ یہاں نہ بیانیے کی ضرورت ہے نہ پارٹی سیاست کی، بس سر جھکا کر ریاست کیساتھ چلو اور اقتدارکوبہتریں طور پر چلاتے رہو ،دوسرا میں آپ کو بتادوں کہ بڑے ایوانوں میں آپ کو طنزاً آئن اسٹائن کہا جاتا ہے آپ حقیقت میں ایک قلم گھسیٹے ہیں جسے اعتراض اور تنقید کے علاوہ کچھ نہیں آتا۔

آئن اسٹائن :آپ نے مجھے طنزاً اور مزاحاً آئن اسٹائن کا خطاب دے رکھا ہے آپ کا آئی کیو تو بقول آپکے وزیر،نیوٹن کے آئی کیو 160 سے بھی زیادہ ہے (یہ ایک مفروضاتی اندازہ ہے) جبکہ اصلی آئن اسٹائن کے بارے میں جھوٹا مفروضاتی اندازہ ہے کہ اس کا آئی کیو 145تھا جہاں تک اس قلم گھسیٹے یا طنزیہ جعلی آئن اسٹائن کا تعلق ہے اس کا آئی کیو تو اوسط درجہ یعنی 70 سے بھی کم ہے اس لئے بیچارہ اقتدار کی پگڈنڈیوں میں آنے اور چلنے کے حوالے سے مکمل نااہل ہے۔آئزک نیوٹن: اگر آپ بھی اپنا صحافتی تعصب ختم کر دیں اور میرے وزیروں اور مشیروں سے میرے کارناموں کی فہرست حاصل کر لیں تو آپ دیکھیں گے کہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے کامیاب ترین سیاستدان میں ہوں میری کامیابیاں بھٹو، بینظیر اور نواز شریف سے بھی زیادہ ہیں میں تین بار پنجاب کامدارالمہام رہا اور اب دوسری بارپاکستان کامدارالمہام ہوں، طاقتورمجھ سے خوش ہیں، نواز شریف میرے رہنما ہیں اور ہمیشہ میری حمایت کرتے ہیں، آصف زرداری اور بلاول بھٹو میری تعریف کرتے ہیں، وزیر داخلہ کا میں بہترین دوست ہوں ،مولانا فضل الرحمٰن سے میرا نامہ و پیام جاری رہتا ہے اور جماعت اسلامی سے اب بھی مذاکرات جاری ہیں۔ یہ کامیابیاں کیا نیوٹن سے کم ہیں؟

آئن اسٹائن : آپ کے کارنامے تو اصلی نیوٹن سے کہیں بڑھ کر ہیں ،آپ نے سیاست میں چپ اور خاموشی کا جو روزہ رکھا ہوا ہے اس میں تو آپ ہائبرڈ سیاست کے بے مثال اور کامیاب ترین رہنما ثابت ہو چکے ہیں طاقت کے ساتھ سیاست کو ملا کر چلنے کی جن شاندار روایات کو آپ نے جنم دیا ہے اس میں آپ کا کوئی ثانی نہ پیدا ہوا ہے نہ ہوگا آپ نے طاقت اور سیاست کے کامیاب ہائبرڈ کو چلانے کیلئے No کا لفظ ہی حکومتی لغت سے نکال باہر کیا ہے ۔نیوٹن نے حرکت کے تین قانون اور کشش ثقل کے فارمولے وضع کئے تھے آپ نے مشرقی دنیا میں ہائبرڈ حکومت کو کامیابی سے چلانے اور اقتدار میں مسلسل رہنے کے کامیاب اور مجرب نسخے عملی طور پر نافذ العمل کئے ہیں۔

آئزک نیوٹن : دراصل پچھلا دور روحانی تھا جن اور بھوت حکومتی گاڑی چلاتے تھے آج کا دور سائنسی ہے اس میں نہ روحانیت چل رہی ہے اور نہ سیاست۔ موجودہ دور میں سائنسی فارمولے چل رہے ہیں ملک کو چلانا ہے تو سیاست اور طاقت کا اشتراک ضروری ہے نقاد جو مرضی کہیں، جعلی آئن اسٹائن اور قلم گھسیٹے جو مرضی تنقید کریں اصل کامیابی اقتدار اور حکومت کے دوام میں ہے تاکہ ملک رکنے کی بجائے مسلسل آگے کو چلتا رہے۔ ریفرنڈم ہو یا نئے صوبے اگریہ ملک کے مفاد میں ہیں اور اس فیصلے کو عوامی تائید بھی مل جاتی ہے تو اس میںحرج ہی کیا ہے؟

آئن اسٹائن :آپ واقعی مکمل سائنسی ہیں عالمی دنیا میں آپ فیشن آئیکون بن چکے ہیں کھڈی کے کھدراور چونسی کو نئے سرے سے مقبول کر کے آپ نے دیسی صنعت کو فروغ دینے کا جوناقابل فراموش کارنامہ سرانجام دیا، اس میں تو مہاتما گاندھی چرخہ کاتنےکے باوجود کامیاب نہ ہو سکے تھے اختلافی امور پر ’مٹھ‘ رکھنے کے عالمی اعزاز کیساتھ ساتھ آپ کمیٹی کمیٹی کھیلنے پر بھی ایوارڈ کے مستحق ہیں فیصلوں کو ٹالنے اور تاخیر کرنے کیلئے کمیٹی بنانے کے آرٹ کو بھی آپ نے سائنس بنا دیا ہے۔ آپ کی کابینہ کی آزادی بھی سیاسی سائنس کا حیرت انگیز کارنامہ ہے کابینہ مجموعی فیصلے کیا کرتی اور اجتماعی ذمہ داری اٹھاتی تھی آپ نے آزادی کا جو فارمولا ترتیب دیا ہے اس میں ہر وزیر کو اپنی اپنی بولی بولنے کی اجازت ہے آپ یہ پوچھتے بھی نہیں کہ کون کس کی بولی بول رہا ہے۔

آئزک نیوٹن : آپ کتابی اور نظریاتی ہیں عملی نہیں آپ نے E-Mc2کے علاوہ کیا، کیا ہے ؟ آپ ایک بھلکڑ پروفیسرہیں،عملیت پرستی ایک الگ سائنس ہے یہ نظریاتی اور کتابی سائنس سے بالکل مختلف ہے میں عملی زندگی میں کامیابی کیلئے عملیت پرستی پر عمل پیرا ہوں میری چپ میں سیاسی مصلحت پنہاں ہے میں بولنے لگا تو ہائبرڈ نظام ٹوٹ پھوٹ جائیگا۔ میں کمیٹیاں نہ بناؤں، فائلوں کا پیٹ نہ بھروں، اختلافی امور کو نوٹ نہ کراؤں تو کل نیب کی پیشیاں بھگتوں گا۔ وفاق میں جاکر میں نے تیز اسپیڈ کو ختم کرکے سائنسی اسپیڈ کا فارمولا اپنالیا ہے اور یہ فارمولا ضرورت سے زیادہ کامیاب جارہا ہے۔ کامیابی کا کوئی نعم البدل کوئی بھی نظریہ یا کتاب نہیں ہوتی جو فارمولا کامیابی کی طرف جائے وہی عملی فارمولا ہوتا ہے۔

آئن اسٹائن: نظریات کے بغیر نہ کوئی سائنس ہوتی ہے اور نہ کوئی سیاست۔ نظریات کے بغیر کچھ بھی ممکن نہیں۔ سائنسدان مشاہدات کو نظریات میں ڈھالتے ہیں اور پھرعملی نظام میںا نکو سائنسی فارمولے میں تبدیل کرتے ہیں نظریات کے بغیر نہ کوئی قانون بن سکتا ہے اور نہ کوئی فیصلہ ہو سکتاہے۔ نظریات کے بغیر معیشت ہو یا گورننس ، کوئی سمت اختیار نہیں کر پاتی۔ سیاست نظریات سے ہی پھوٹتی ہے مگر سمجھوتے اور مصلحت نے اگر ملک میں گھر کر لیا ہو تو اس کا حل کچھ نہیں نکل سکتا۔ آپ کا کمال یہ ہے کہ آپ نے اپنے لیڈر اور اپنی پارٹی کو ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کے نظریے سے ہٹا کر ’’طاقت کو عزت دو‘‘ کے نظریے پر عمل کرنے کیلئے قائل کر لیا ہے آپ کا یہ قابل فخر غیر نظریاتی سائنسی فارمولا ایسا کارنامہ ہے جو سیاسیہ اور طاقتیہ کو ہمیشہ یاد رہے گا۔

آئزک نیوٹن: آپ طنز کریں یا جھوٹی سازشی تھیوریاں بنائیں دیوار پر لکھی حقیقت تو یہی ہے کہ نونیہ مشکل میں گرفتار تھی ،آندھیاں چل رہی تھیں ،طوفان کا زور تھا ،میری سائنسی سیاسی سوچ ہی کی وجہ سے نونیہ مشکل سے نکلی اور اقتداریہ میں شامل ہو گئی۔ ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ صرف سیاسی نعرہ تھا سائنسی نظریہ طاقت اور سیاست کا ملکر چلنا ہے اسی سے ملک آگے بڑھ سکتا ہے سائنس کا فارمولا یہی ہے طاقت ہی اصل نظریہ ہے ،یہ ہر نظریے اور سوچ پر حاوی ہو جاتی ہے بدلتی دنیا اور ہردم بدلتے عالمی حالات میں سیاسیہ کے اکیلے حکومت کرنے کا چانس اب ختم ہو چکا ہے۔ اب صرف ہائبرڈ ماڈل ہی چلتا ہے بھارت اور افغانستان سے ہماری کھلی اور خفیہ دونوں قسموں کی جنگ جاری ہے ایسے غیر معمولی حالات میں لمبے عرصے تک غیر معمولی سائنسی فارمولے ہی کامیاب رہیںگے۔آئن اسٹائن : مفاہمت ٹوٹ گئی تو کوئی سائنسی فارمولا کام نہیں آئیگا سیاست ہی مفاہمت کو قائم رکھ سکتی ہے سائنس تو دو اور دو چار کا فارمولا دیتی ہے سیاست میں مگر دو جمع دو کا کبھی پانچ کا مفاہمتی جواب آتا ہے اور کئی بار تین کا مصالحتی جواب آجاتا ہے۔ انسان کیلئے سائنس بنی ضرور ہے مگر انسان سائنس سے نہیں جبلت سے چلتا ہے اورجو سیاست کی بنیاد ہے۔

تازہ ترین