کمرشل بینکاری کے کئی دہائیوں کے تجربے کی بنیاد پر میرا ماننا ہے کہ مرکزی بینک کا بنیادی فرض عام کھاتہ دار کے حقوق کا تحفظ اور مالیاتی انصاف یقینی بنانا ہے۔ مگر پاکستان میں بعض فیصلے لاکھوں سفید پوش اور ریٹائرڈ شہریوں کی مالی زندگی متاثر کرتے ہیں، جبکہ پالیسی ساز جوابدہ نہیں ہوتے۔ اسٹیٹ بینک کا بی پی آر ڈی سرکلر نمبر 15، مورخہ 6 جولائی 2026ء، جس کا اطلاق یکم اگست سے ہوا، اسی تشویشناک رجحان کی مثال ہے۔اس سرکلر کے تحت انفرادی بچت کھاتوں میں دس ملین روپے تک کے ماہانہ اوسط بیلنس پر کم از کم منافع کا تحفظ برقرار ہے، مگر زائد رقم پر ضمانت ختم ہے۔ دوسری جانب اسٹیٹ بینک نے InvestPak پورٹل متعارف کرایا ہے، جس سے شہری براہِ راست حکومتی سیکورٹیز خرید سکتے ہیں۔ کیا بینک ڈپازٹس کا تحفظ محدود کرکے عام شہریوں کو حکومتی قرضوں کی طرف راغب کیا جا رہا ہے؟اس فیصلے کا پس منظر اہم ہے۔ 30مئی 2008ء کے بی پی آر ڈی سرکلر نمبر 07کے ذریعے بینکوں کو تمام بچت کھاتوں پر بلاامتیاز یکساں کم از کم منافع ادا کرنے کا پابند کیا گیا۔ 27ستمبر 2013ء کو منافع پالیسی ریٹ فلور سے منسلک اور ماہانہ کم از کم کے بجائے اوسط بیلنس پر لازم ہوا۔ 27مئی 2014ء کے سرکلر نمبر 05نے یہ اصول تمام نئی اور پرانی بچت اسکیموں تک پھیلا دیا۔
سولہ برس تک اسٹیٹ بینک اس غیر امتیازی اصول کا محافظ رہا۔ نومبر 2024ء میں کارپوریٹ اور سرکاری ادارے اس تحفظ سے خارج ہوئے، مگر انفرادی شہری محفوظ رہے۔ جولائی 2026ء کے سرکلر نے دس ملین روپے کی حد لگا کر انفرادی کھاتہ داروں کو بھی دو طبقات میں بانٹ دیا۔ماضی میں ختم کیا گیا امتیاز آج عام شہریوں کیلئے کیوں بحال کیا جا رہا ہے؟پالیسی ساز عام کھاتہ دار کی معاشی حیثیت سمجھنے میں غلطی کر رہے ہیں۔ امیر آدمی اپنا پیسہ کاروبار، صنعت اور پراپرٹی میں لگاتا ہے یا بیرونِ ملک منتقل کرتا ہے، سیونگ اکاؤنٹس میں نہیں رکھتا۔ بچت کھاتوں کی جمع پونجی عموماً بزرگوں، ریٹائرڈ ملازمین، بیواؤں اور ان خاندانوں کی ہوتی ہے جن کے محفوظ سرمایہ کاری کے ذرائع محدود ہیں۔ ان کا منافع عیاشی نہیں بلکہ گھریلو اور طبی اخراجات کا ذریعہ ہے۔ایک ریٹائرڈ ملازم چالیس سال کی ملازمت کے بعد پچاس ملین روپے کا پلاٹ فروخت کرکے رقم بینک میں جمع کراتا ہے تاکہ منافع سے گھر چلا سکے۔ کیا وہ دولت مند سرمایہ دار ہے؟ یہ عمر بھر کی محنت اور بڑھاپے کا تحفظ ہے۔ مگر دس ملین سے تجاوز کرتے ہی وہ کم از کم منافع کی ضمانت سے محروم ہوتا ہے، جبکہ منافع پر 20 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس بھی دیتا ہے۔اس فیصلے کے بعد بینک دس ملین روپے سے زائد انفرادی ڈپازٹس پر منافع اپنی صوابدید سے کم کر سکتے ہیں۔ شرح دس سے سات یا آٹھ فیصد ہونے پر آمدنی گھٹے گی، جبکہ مہنگائی، بجلی، گیس اور ادویات کے اخراجات برقرار رہیں گے۔ایک بنیادی حقیقت بھی نظرانداز ہو رہی ہے۔ 2008ء سے پاکستانی روپیہ تقریباً 80 فیصد قوتِ خرید کھو چکا ہے اور مہنگائی لگ بھگ پانچ گنا بڑھی ہے۔ جس رقم سے اس وقت خاندان ضروریات پوری کرتا تھا، آج اسی معیارِ زندگی کیلئے کئی گنا زیادہ رقم درکار ہے۔ بچت کنندگان کا منافع محدود کرنا انکی قوتِ خرید پر ایک اور ضرب ہے۔حکومت کہہ سکتی ہے کہ InvestPak سے شہری ٹریژری بلز، پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز اور اجارہ سکوک خرید کر بہتر منافع حاصل کریں۔ لیکن بینک ڈپازٹ اور حکومتی سیکورٹیز ایک جیسی نہیں۔ بینک میں رقم فوری دستیاب ہوتی ہے، جبکہ طویل مدتی بانڈز کی مارکیٹ قیمت شرح سود بڑھنے سے گر سکتی ہے۔ میعاد سے پہلے فروخت پر اصل سرمایہ سے کم رقم ملنے کا خطرہ ہے۔ ٹریژری بلز کا منافع نئی سرمایہ کاری کے وقت کی شرح سے طے ہوتا ہے اور ٹیکس خالص آمدنی گھٹاتا ہے۔ اسلئے حکومتی سیکورٹیز ڈپازٹس کا مکمل متبادل نہیں۔مالی مشکلات اپنی جگہ، مگر ان کا بوجھ دستاویزی معیشت کے عام شہری ہی کیوں اٹھائیں؟ وفاقی محاصل کا بڑا حصہ قرضوں کے سود میں جاتا ہے، لیکن غیر ترقیاتی اخراجات، حکمران طبقے کی مراعات اور خسارے کے سرکاری اداروں پر قابو پانے کی کوشش دکھائی نہیں دیتی۔ زراعت، رئیل اسٹیٹ اور ہول سیل تجارت کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے بجائے محفوظ بچت رکھنے والوں کو نشانہ بنانا آسان، مگر غیر منصفانہ ہے۔ InvestPak مثبت سہولت ہو سکتی ہے، لیکن مواقع دینے اور شہریوں کو مخصوص سرمایہ کاری کی طرف دھکیلنے میں فرق ہے۔ حکومت خطرات، منافع کی شرائط اور رقم کی دستیابی کے بارے میں مکمل معلومات دے۔ ہر شہری، خصوصاً بزرگ اور ریٹائرڈ افراد، پیچیدہ سرمایہ کاری کے خطرات سمجھنے اور برداشت کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔پاکستان کی معاشی بحالی قرضوں کے نئے ذرائع میں نہیں بلکہ پیداواری معیشت، برآمدات، روزگار اور حقیقی دولت کی تخلیق میں ہے۔ ایک بینکر کی حیثیت سے سوال ہے:اگر 2008ء سے 2026ء تک ہر انفرادی کھاتہ دار کو بلاامتیاز کم از کم منافع کا تحفظ دینا انصاف تھا تو آج دس ملین روپے کی حد لگا کر انحراف کیوں؟ کیا ضمانت ہے کہ کل یہ حد مزید کم نہیں ہوگی؟بچت کرنا جرم نہیں بلکہ ذمہ دار شہری کی معاشی عادت ہے۔ ریاست اپنی مالی بدانتظامی کی قیمت ان لوگوں سے کیوں وصول کرے جنہوں نے عمر بھر محنت کرکے جمع پونجی محفوظ کی؟ اسٹیٹ بینک دس ملین روپے کی امتیازی حد ختم کرکے انفرادی بچت کھاتوں کیلئے کم از کم منافع کی غیر امتیازی ضمانت بحال کرے۔ مرکزی بینک کی ذمہ داری شہریوں کی جمع پونجی کا تحفظ ہے، نہ کہ انہیں حکومتی قرضوں کا خاموش ایندھن بنانا۔