فرانس کا موثر بلدیاتی نظام سیاسی سماجی لوگوں کو ملکی سیاسی دھارے میں شامل ہونے کا موقع فراہم کرتا ہے اگر شفاف بلدیاتی انتخابات کے ذریعے اقتدار نچلی سطح تک منتقل کیا جائے تو نئی انتظامی اکائیوں کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی موثر اور متواتر بلدیاتی نظام کا تسلسل مستحکم معاشی ترقی میں اہم کردار سرانجام دیتاہے ۔اگر فرانس کی طرح پاکستان میں بھی بلدیاتی نظام کیلئے ملک بھر میںبروقت انتخابات کرائے جائیں تو ان کو براہ راست ترقیاتی بجٹ کی فراہمی سےخود بخود نظام درست ہو سکتا ہے۔ فرانس میں حالیہ مہنگائی اور حکومتی پالیسیوں کیخلاف ہونیوالے مظاہروں اور بعض شہروں میں بدامنی کے واقعات نے ایک مرتبہ پھر مقامی انتظامیہ کے کردار کو اہم بنا دیا ہے۔ فرانس کے انتظامی نظام کی ایک نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ امن و امان، شہری سہولتوں اور مقامی معاملات میں میئر کو باقاعدہ قانونی اختیارات حاصل ہیں۔ میئر محض تقریبات کا مہمان یا بلدیاتی نمائندہ نہیں بلکہ اپنے علاقے میں امن، صفائی، شہری تحفظ اور عوامی نظم و ضبط برقرار رکھنے کا ذمہ دار بھی ہوتا ہے۔ وہ مقامی حالات کے مطابق احکامات جاری کر سکتا ہے، عوامی مقامات پر نظم و ضبط کیلئے اقدامات کر سکتا ہے اور ضرورت کے مطابق میونسپل پولیس کی خدمات حاصل کرتا ہے۔فرانس کے قانون کے تحت میئر کو اپنے علاقے میں امن و امان، شہری تحفظ اور عوامی سکون برقرار رکھنے کیلئے انتظامی اختیارات حاصل ہیں۔ وہ مخصوص حالات میں رات کے اوقات میں پابندیاں، بعض مقامات پر آمدورفت کے ضوابط اور عوامی اجتماعات سے متعلق مقامی اقدامات بھی کر سکتا ہے، بشرطیکہ یہ اقدامات قانونی اور ضروری ہوں۔ تاہم بڑے پیمانے کے فسادات، کئی شہروں میں پھیلنے والی بدامنی اور قومی سطح کے امن و امان کے معاملات میں پریفے اور قومی پولیس و جنڈارمری کا کردار بنیادی ہوتا ہے۔ اس طرح میئر اور مرکزی ریاستی انتظامیہ ایک دوسرے کے متبادل نہیں بلکہ مشترکہ ذمہ داری ادا کرتے ہیں فرانس میں اس نظام کا اہم نتیجہ یہ ہے کہ مقامی مسائل کے حل کیلئے ہر معاملے میں دارالحکومت یا مرکزی حکومت کی طرف دیکھنے کی ضرورت نہیں رہتی۔ میئر اپنے علاقے کے حالات سے براہِ راست واقف ہوتا ہے، شہریوں کی شکایات سنتا ہے اور فوری مقامی اقدامات کر سکتا ہے۔ 2023ء کے فسادات کے دوران بھی مختلف شہروں کے میئرز نے امن کی اپیلیں کیں، مقامی اداروں اور پولیس کے ساتھ رابطہ رکھا اور متاثرہ علاقوں میں بحالی کے اقدامات کیے۔ البتہ یہ کہنا درست نہیں ہوگا کہ فسادات پر قابو پانے کا سہرا صرف میئرز کو جاتا ہے۔ اس میں قومی پولیس، پریفے، عدالتی اداروں اور مرکزی حکومت کا بھی اہم کردار تھا۔ فرانس کا اصل سبق یہ ہے کہ مقامی نمائندوں کو اختیار اور ذمہ داری دونوں دی جائیں اسی انتظامی تجربے کو سامنے رکھتے ہوئے ہمارااصل مقصد ایسا انتظامی نظام قائم کرنا ہونا چاہیے جس میں صوبائی، ڈویژنل، ضلعی اور بلدیاتی سطح پر اختیارات واضح ہوں۔ نئے صوبے بننے کی صورت میں ہر صوبے کی اپنی اسمبلی، وزیراعلیٰ اور انتظامی ڈھانچہ ہو، لیکن اس کے ساتھ ضلع اور تحصیل کی سطح پر منتخب حکومتوں کو بھی حقیقی اختیارات اور مالی وسائل فراہم کیے جائیں فرانس میں 18 ریجن، تقریباً 101 ڈپارٹمنٹ اور ہزاروں کمیونز”گاؤں “ہیں ہر سطح کے اپنے منتخب ادارے اور مخصوص ذمہ داریاں ہیں ریجن کی کونسل علاقائی ترقی، ٹرانسپورٹ اور ہائی اسکولوں کے معاملات دیکھتی ہے ڈپارٹمنٹ کی کونسل سماجی بہبود، بزرگوں اور معذور افراد کی خدمات اور بعض سڑکوںاور اسکولوں کی ذمہ دار ہوتی ہے۔ سب سے نچلی سطح پر کمیون ہے، جہاں میونسپل کونسل اپنے اندر سے میئر منتخب کرتی ہے۔ اس کے علاوہ قریبی بلدیات بعض مشترکہ خدمات کیلئے مشترکہ انتظامی ادارے بھی قائم کرتی ہیں۔ فرانس کے نظام میں مرکزی حکومت کی نمائندگی کیلئے ریجن اور ڈپارٹمنٹ میں پریفے مقرر ہوتے ہیں، جبکہ منتخب کونسلیں اپنے دائرۂ اختیار میں آزادانہ فیصلے کرتی ہیں پاکستان میں بھی ڈپٹی کمشنر اور دیگر سرکاری افسران کی انتظامی ذمہ داریاں منتخب ضلعی حکومتوں کے کردار سے واضح طور پر الگ ہونی چاہئیں منتخب نمائندے عوام کے سامنے جواب دہ ہوں اور سرکاری افسران قانون اور انتظامی ضابطوں کے مطابق فرائض انجام دیں پاکستان میں آئین کا آرٹیکل 140-A بھی صوبوں کو پابند کرتا ہے کہ وہ مقامی حکومتوں کا نظام قائم کریں اور منتخب نمائندوں کو سیاسی، انتظامی اور مالی اختیارات منتقل کریں۔ لیکن عملی طور پر بلدیاتی ادارے اکثر صوبائی حکومتوں کے محتاج رہتے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات میں تاخیر، مالی وسائل کی کمی اور اختیارات کی عدم منتقلی سے شہریوں کے بنیادی مسائل حل نہیں ہو پاتے۔ اگر فرانس کی طرز پر میئر اور منتخب بلدیاتی کونسلوں کو مضبوط بنایا جائے تو صفائی، پانی، نکاسی آب، مقامی سڑکوں، تجاوزات اور شہری امن و امان جیسے معاملات بہتر طور پر حل کیے جا سکتے ہیں۔بارہ صوبوں کے قیام کیلئے مالی وسائل کی تقسیم بھی بنیادی مسئلہ ہے تاہم نئے صوبے لسانی یا نسلی تقسیم کے بجائے انتظامی سہولت، متوازن ترقی اور عوامی ضرورت کی بنیاد پر قائم ہونے چاہئیں۔
پاکستان کو فرانس کے نظام کی مکمل نقل کرنے کی ضرورت نہیں، لیکن اس کے بنیادی اصول ضرور اپنانے چاہئیں۔ مضبوط صوبائی حکومتیں، بااختیار میئر، فعال ضلعی کونسلیں، شفاف مالیاتی نگرانی اور عوام کو سرکاری معلومات تک رسائی کسی بھی مؤثر انتظامی نظام کی بنیاد ہیں اصل سوال یہ نہیں کہ پاکستان میں چار صوبے رہیں یا بارہ بن جائیں، بلکہ یہ ہے کہ عام شہری کو اپنے علاقے میں علاج، تعلیم، صاف پانی، روزگار اور انصاف کی سہولت کتنی آسانی سے میسر ہے اگر نئے صوبوں کے قیام سے عوام کو سہولت ملتی ہے اور اختیارات نچلی سطح تک منتقل ہوتے ہیں تو یہ مثبت اصلاح ہوگی ۔ فرانس کا تجربہ یہی بتاتا ہے کہ جب مقامی نمائندوں کو اختیار، وسائل اور جواب دہی دی جاتی ہے تو حکومت عوام کے قریب آتی ہے اور انتظامی مسائل کے حل میں بہتری پیدا ہوتی ہے۔ یہ پاکستان میںبھی حقیقی انتظامی اصلاحات کا ایک راستہ ہو سکتا ہے۔