پاکستان کی معیشت گزشتہ دہائیوں میں کئی بار ایسے بحرانوں سے گزری ہےجنہوں نے یہ ثابت کردیا ہے کہ وقتی طور پر آئی ایم ایف سے امداد، چین اور سعودی عرب کے 12ارب ڈالر کے سیف ڈپازٹس سے زرمبادلہ کے ذخائر میں عارضی اضافے، زرمبادلہ میں کمی کے مدنظر امپورٹ پر پابندیوں، سپر ٹیکس اور پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی (PDL) کی وصولی سے ٹیکس اہداف حاصل نہیں کئے جاسکتے بلکہ پاکستان کو دیریا معاشی استحکام کیلئے ایک جامع حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی جس کیلئے مالیاتی نظم و ضبط، ٹیکس اور توانائی کے شعبوں میں اصلاحات، ایکسپورٹ پر مبنی گروتھ، خسارے میں چلنے والے اداروں کی نجکاری، گردشی قرضوں پر قابو پانا،متبادل توانائی کا فروغ، بجلی کے ترسیلی نظام میں بہتری، منصفانہ ٹیکس نظام، بلند جی ڈی پی گروتھ، زراعت، رئیل اسٹیٹ اور سروس سیکٹر کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ ٹیکس پالیسیوں میں بار بار تبدیلی کے بجائے ٹیکس نادہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لانا ہوگا، معیشت کو دستاویزی شکل دینے کیلئے ایف بی آر میں ڈیجیٹلائزیشن اور گڈ گورننس سے ٹیکس چوری کو روکنا ہوگا، ٹیکس اصلاحات کا مقصد زیادہ ٹیکس وصول کرنا نہیں بلکہ ایسا ٹیکس نظام تشکیل دینا ہے جس میں ایماندار ٹیکس دہندگان کو سہولیات فراہم کی جائیں۔
پاکستان کی صنعتی اور معاشی ترقی کا دارومدار بجلی اور گیس کے مقابلاتی نرخوں پر ہے۔ توانائی کے شعبے میں گردشی قرضے، بجلی کی ترسیل (T&D) کے نقصانات اور آئی پی پیز سے کئے گئے مہنگے معاہدے طویل عرصے سے ملکی معیشت پر بوجھ بنے ہوئے ہیں۔ آئی ایم ایف نے پاکستان کی معیشت کے استحکام کیلئے توانائی اور ٹیکس نظام میں اصلاحات کو ضروری قرار دیا ہے۔ توانائی اور ٹیکس نظام کی خامیوں اور کرپشن نے ہماری پیداواری لاگت میں اضافہ کیا ہے۔ پاکستان کو متبادل توانائی (شمسی، ونڈ، پن بجلی) کو جلد از جلد اپناکر درآمدی ایندھن (ڈیزل، پیٹرول اور ایل این جی) پر انحصار کم کرنا ہوگا تاکہ ہم ایکسپورٹ کو مقابلاتی بناکر ایکسپورٹ پر مبنی گروتھ حاصل کرسکیں اور ہمیں بار بار آئی ایم ایف سے سخت شرائط پر قرضے لینے کی ضرورت نہ پڑے۔ توانائی کے مہنگے نرخوں اور بینکوں کے بلند شرح سود کی وجہ سے ہمارے ایکسپورٹرز عالمی منڈی میں اپنی مقابلاتی سکت کھورہے ہیں جسکی وجہ سے گزشتہ کئی برسوں سے ہماری ایکسپورٹ 30سے 31ارب ڈالر تک محدود ہے جبکہ مقابلاتی ممالک کی ایکسپورٹ ہم سے کئی گنا زیادہ ہے۔
پاکستان کو روایتی ٹیکسٹائل ایکسپورٹ کے ساتھ ساتھ آئی ٹی/ AI، فارماسیوٹیکل، معدنیات، زرعی اجناس، انجینئرنگ مصنوعات، حلال فوڈ اور ویلیو ایڈیڈ مینوفیکچرنگ کی ایکسپورٹ کو ترجیح دینا ہوگی۔ پاکستان کی معیشت میں زراعت کا بنیادی کردار ہے مگر ہم زراعت کے جدید طریقے، بیج اور ڈرپ ایری گیشن میں ریسرچ نہ کرنے کی وجہ سے آج زرعی اجناس گیہوں، چاول، سبزیاں، پھل وغیرہ کو ایکسپورٹ کرنے کے بجائے چینی اور گیہوں امپورٹ کرنے پر مجبور ہیں اور ایک زرعی ملک عوام کو فوڈ سیکورٹی فراہم کرنے سے قاصر ہے۔ زرعی اصلاحات کا مطلب کسان کو سبسڈی دینا نہیں بلکہ اسے جدید ٹیکنالوجی، بہتر بیج، جدید آبپاشی، زرعی تحقیق، مارکیٹ رسائی اور برآمدی سہولت فراہم کرنا ہے۔
پاکستان کی معیشت میں قومی آمدنی کا ایک بڑا حصہ قرضوں اور سود کی ادائیگی پر خرچ ہوجاتا ہے۔ یہ قرضے ملک کے ترقیاتی منصوبے ڈیمز وغیرہ میں سرمایہ کاری کیلئے نہیں لئے جارہے بلکہ غیر پیداواری اخراجات کیلئے آنے والی نسلوں پر بوجھ بن رہے ہیں۔ پاکستان کیلئے بحران سے نئے بحران تک معاشی پالیسی کافی نہیں بلکہ ہمیں 10 سے 15 سال کیلئے ایک قومی معاشی پالیسی فریم ورک کے تسلسل کی ضرورت ہے۔ پاکستان اگر ٹیکس، توانائی، برآمدات، SOEs، تعلیم، صحت، زراعت کے شعبوں میں مطلوبہ اصلاحات کرلے تو ایک طویل المدت معاشی استحکام حاصل کرسکتا ہے۔ پاکستان کے زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 26.8 ارب ڈالر ہیں جس میں 5.8 ارب ڈالر کمرشل بینکوں اور تقریباً 12 ارب ڈالر چین اور سعودی عرب کے سیف ڈپازٹس ہیں جو زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کرنے کیلئے لئے گئے ہیں۔ اس لحاظ سے اسٹیٹ بینک کے اپنے زرمبادلہ کے مطلوبہ ذخائر نہایت کم ہیں۔وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب بارہا یہ کہتے ہیں کہ ہم نے معاشی استحکام حاصل کرلیا ہے اور اب ہمارا اگلا مرحلہ طویل المیعاد معاشی گروتھ حاصل کرنا ہے لیکن مطلوبہ 5سے 6فیصد جی ڈی پی گروتھ کے مقابلے میں ہم بمشکل 3فیصد گروتھ حاصل کرپارہے ہیں کیونکہ اس سے زیادہ جی ڈی پی گروتھ سے ہماری امپورٹس بڑھ جاتی ہیں جس کا دباؤ زرمبادلہ کے ذخائر پر پڑتا ہے اور ہمیں مجبوراً امپورٹ روکنا پڑتی ہے جسے Heating of Economy کہا جاتا ہے۔ آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان نے مائیکرو اکنامک استحکام کی جانب پیشرفت کی ہے لیکن یہ معاشی استحکام اس وقت پائیدار بن سکتا ہے جب اسے معاشی اصلاحات کے ساتھ جوڑا جائے لہٰذا دیرپا معاشی استحکام کیلئے اصلاحات اور پالیسیوں کا تسلسل اشد ضروری ہے۔