اس وقت دنیا سنجیدہ خطرات کی طرف بڑھ رہی ہے۔ دنیا ایک ایسے دورِ غیریقینی میں داخل ہو چکی ہے جہاں قومی سلامتی کا روایتی تصور تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے۔ کبھی قومی سلامتی کا مطلب سرحدوں کا دفاع، فوجی طاقت، سفارتی اتحاد اور طاقت کا توازن سمجھا جاتا تھا۔ آج ریاستوں کی کمزوریاں سرحدوں اور روایتی جنگی محاذوں سے کہیں آگے پھیل چکی ہیں۔ کسی ملک کو کمزور کرنے کیلئےضروری نہیں کہ دشمن کا ایک بھی فوجی اسکی سرحد عبور کرے۔ اسکی توانائی کی فراہمی متاثر کی جا سکتی ہے، مالیاتی نظام مفلوج کیا جا سکتا ہے، خوراک کی ترسیل میں خلل ڈالا جا سکتا ہے، مواصلاتی نظام کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے ۔ سائبر حملے، معاشی دباؤ، ٹیکنالوجی کی مسابقت، گمراہ کن اطلاعات اور سپلائی چین میں رکاوٹیں اب عالمی تزویراتی مسابقت کے اہم ہتھیار بنتی جا رہی ہیں۔چنانچہ اگلا بڑا عالمی بحران ضروری نہیں کہ جنگ کے اعلان سے شروع ہو۔ یہ بظاہر ایک دوسرے سے غیر متعلق واقعات اور رکاوٹوں کی صورت میں سامنے آ سکتا ہے، جو بالآخر ملکر ایک بڑے اور ہمہ گیر بحران میں تبدیل ہو جائیں۔ورلڈ اکنامک فورم کی Global Risks Report 2026 نے جغرافیائی و معاشی محاذ آرائی کو 2026ءکا سب سے بڑا عالمی خطرہ قرار دیا ہے۔ تجارت پر پابندیاں، معاشی قدغنیں، سرمائے کی نقل و حرکت پر کنٹرول، ٹیکنالوجی کی منتقلی میں رکاوٹیں اور سپلائی چین پر انحصار اب جغرافیائی و سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے استعمال ہو رہے ہیں۔کبھی معاشی باہمی انحصار کو امن و استحکام کی ضمانت سمجھا جاتا تھا، لیکن یہی انحصار اب تزویراتی کمزوری بھی بن سکتا ہے۔ مخصوص سپلائرز، بحری راستوں، توانائی کے ذرائع یا ٹیکنالوجی کے پلیٹ فارمز پر انحصار کرنیوالے ممالک ایسے دباؤ کا شکار ہو سکتے ہیں جس پر انکا براہِ راست کنٹرول نہیں۔آئی ایم ایف کی اکتوبر 2026ءکی World Economic Outlook کے مطابق عالمی معیشت کی شرح نمو 2026 ءمیں 3.1فیصد رہنے کی توقع ہے۔ تاہم جغرافیائی کشیدگی، تجارتی تنازعات، مالیاتی کمزوریاں اور مصنوعی ذہانت میں سرمایہ کاری کے ممکنہ اتار چڑھاؤ اہم خطرات ہیں۔ تشویش کی بات یہ ہے کہ عالمی معیشت کی بحران برداشت کرنیکی صلاحیت یکساں نہیں اور بہت سے ممالک ان باہم جڑے خطرات کا پوری طرح ادراک نہیں کر رہے۔ ان خطرات میں سب سے اہم ہائبرڈ وار فیئر یا ہائبرڈ جنگ کا پھیلتا ہوا دائرہ ہے۔ جدید معاشرے ایسے باہم مربوط نظاموں پر انحصار کرتے ہیں جو عموماً ہماری نظروں سے اوجھل رہتے ہیں۔ بجلی کے گرڈ، ٹیلی کمیونیکیشن، زیرِ سمندر کیبلز، بندرگاہیں، ہوائی اڈے، ادائیگیوں کے نظام، ہسپتال، خوراک کے گودام اور ادویات کی ترسیل کا نظام ہماری روزمرہ زندگی کا غیر مرئی انفراسٹرکچر ہیں۔ ان میں سے کسی ایک نظام میں خلل دوسرے نظاموں کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔ مثلاً غذائی تحفظ اب صرف زرعی پیداوار کا مسئلہ نہیں رہا۔ اسکا انحصار بجلی، کولڈ اسٹوریج، ٹرانسپورٹ، گوداموں، ڈیجیٹل انوینٹری، بندرگاہوں اور مالیاتی لین دین پر بھی ہے۔ کسی کولڈ اسٹوریج یا ریفریجریشن نیٹ ورک پر سائبر حملہ بظاہر ایک محدود تکنیکی واقعہ محسوس ہوگا، لیکن اسکے اثرات خوراک کی فراہمی، صحتِ عامہ، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور معاشی اعتماد تک پھیل سکتے ہیں۔ یہی اصول بینکاری، توانائی اور مواصلاتی نظام پر بھی لاگو ہوتا ہے۔ یورپی یونین ایجنسی برائے سائبر سکیورٹی (ENISA) نے اپنی ستمبر 2026 ء کی Threat Landscape رپورٹ میں جغرافیائی سیاسی حالات، سائبر خطرات اور باہم مربوط ڈیجیٹل نظاموں کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلق کی نشاندہی کی ہے۔ جدید ریاست کی سلامتی اب صرف فوجی طاقت پر نہیں بلکہ اپنے بنیادی نظاموں کی مضبوطی اور بحران برداشت کرنے کی صلاحیت پر بھی منحصر ہے۔ معاشی خلل تزویراتی دباؤ کا ایک مؤثر ذریعہ بن سکتا ہے۔ توانائی کے بحران سے پیداوار اور ٹرانسپورٹ کی لاگت بڑھ سکتی ہے۔ بحری راستوں میں رکاوٹ سے ضروری درآمدات متاثر ہو سکتی ہیں۔ ورلڈ بینک کی اکتوبر 2026 ء کی Commodity Markets Outlook کے مطابق 2026 ء میں مجموعی اجناس کی قیمتوں میں 23فیصد اضافے کا امکان ہے، جبکہ توانائی کی قیمتوں میں 32فیصد اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ تنازعات کے باعث سپلائی میں رکاوٹیں اور موسمیاتی دباؤ اسکے اہم عوامل ہیں۔یہ صورتحال واضح کرتی ہے کہ جغرافیائی سیاسی واقعات کتنی تیزی سے ملکی معاشی مسائل میں تبدیل ہو سکتے ہیں۔ مہنگائی، بلند عوامی قرضے، کرنسی پر دباؤ اور گھریلو قوتِ خرید میں کمی ایک دوسرے سے جڑ جائیں تو محدود مالی وسائل رکھنے والی حکومتوں کیلئے کمزور طبقات کا تحفظ اور ضروری عوامی سرمایہ کاری جاری رکھنا مشکل ہو جاتا ہے۔ اگلے بحران کی سب سے نمایاں خصوصیت شاید یہی ہوگی کہ وہ باہم مربوط ہوگا۔ علاقائی تنازع توانائی کی فراہمی متاثر کر سکتا ہے، توانائی کی قیمتوں میں اضافہ خوراک اور ٹرانسپورٹ مہنگی کر سکتا ہے، بحری راستوں میں تاخیر ادویات کی درآمد متاثر کر سکتی ہے اور سائبر حملے مالیاتی و مواصلاتی نظام کو مفلوج کر سکتے ہیں۔ غلط اطلاعات ان تمام مسائل کو مزید سنگین بنا سکتی ہیں۔ یہی Cascading Risk ہے: ایک نظام کی ناکامی دوسرے نظام پر دباؤ پیدا کرتی ہے، پھر وہ دباؤ تیسرے نظام کو متاثر کرتا ہے اور بالآخر پورا نظام عدم استحکام کا شکار ہو سکتا ہے۔روایتی قومی سلامتی کے ادارے ان تمام پہلوؤں کو بیک وقت سنبھالنے کیلئے تشکیل نہیں دیے گئے۔ نہ ہی کوئی ایک وزارت یا ریگولیٹری ادارہ ان خطرات سے اکیلے نمٹ سکتا ہے۔ ضرورت جامع سوچ، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور باہمی اشتراک کی ہے۔ریاست کو اپنی اہم اور حساس Dependencies کی نشاندہی کرنا ہوگی، توانائی اور خوراک کے ذرائع متنوع بنانا ہوں گے، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر محفوظ بنانا ہوگا، مالیاتی نظام کے تسلسل کے انتظامات مضبوط کرنا ہونگے اور ضروری ادویات و صنعتی خام مال کے اسٹرٹیجک ذخائر برقرار رکھنے ہونگے۔ بین الاقوامی تعاون بھی ناگزیر ہے۔ کوئی ملک تنہا عالمی بحری راستوں، زیرِ سمندر مواصلاتی نظام، بین الاقوامی مالیاتی نیٹ ورکس یا متعدی بیماریوں کے عالمی ردعمل کو محفوظ نہیں بنا سکتا۔ نجی شعبے کو بھی قومی تیاری کا شراکت دار بنانا ہوگا، کیونکہ جدید ریاست کے اہم انفراسٹرکچر کا بڑا حصہ نجی اداروں کی ملکیت اور انتظام میں ہے۔اگلا بحران شاید جنگ نہ ہو وہ سائبر حملہ، توانائی کا بحران، پانی کی قلت، مالیاتی انتشار یا حیاتیاتی ہنگامی صورتحال ہو سکتا ہے۔ پاکستان کیلئے ضروری ہے کہ ان خطرات کو محض عالمی منظرنامے کا حصہ سمجھ کر نظر انداز نہ کرے بلکہ بروقت ادراک کرے اور اپنی تیاری شروع کرے۔