مینارِ پاکستان کی سرزمین محض اینٹوں، پتھروں اور بلند و بالا مینار کا نام نہیں، یہ ایک ایسی تاریخی یادگار ہے جس کے دامن میں برصغیر کے مسلمانوں کی اجتماعی جدوجہد، خوابوں کی تعبیر اور ایک آزاد اسلامی ریاست کے قیام کی داستان محفوظ ہے۔ اسی تاریخی مقام پر جب ہزاروں علمائے کرام، دینی رہنما اور اہلِ ایمان تحفظِ حرمین شریفین اور استحکامِ پاکستان کے عنوان سے جمع ہوں تو یہ اجتماع صرف ایک کانفرنس نہیں رہتا بلکہ ایک ایسے فکری اور نظریاتی پیغام کی صورت اختیار کر لیتا ہے جس کے مخاطب پاکستان کے عوام ہی نہیں بلکہ پوری امتِ مسلمہ ہوتی ہے۔ لاہور کے مینارِ پاکستان گرائو نڈ میں مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے زیراہتمام منعقد ہونے والی آل پاکستان اہلحدیث تحفظ حرمین شریفین و استحکامِ پاکستان کانفرنس بھی اسی نوعیت کا ایک اہم دینی و قومی اجتماع تھا، جس نے ایک مرتبہ پھر یہ سوال قومی مباحثے کے مرکز میں لا کھڑا کیا کہ حرمین شریفین سے ہماری وابستگی، پاکستان کی نظریاتی شناخت اور امتِ مسلمہ کے اجتماعی مفادات کا باہمی تعلق کیا ہے اور ان تقاضوں کو عملی زندگی میں کس طرح پُورا کیا جا سکتا ہے؟
مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ صرف دو مقدس شہر نہیں بلکہ مسلمانوں کے ایمان، روحانی وابستگی اور تہذیبی شناخت کے بنیادی مراکز ہیں۔ خانہ کعبہ کی طرف رخ کرکے نماز ادا کرنے والا دنیا کے کسی بھی خطے میں موجود ہو، اس کا روحانی رشتہ مکہ مکرمہ سے جڑا رہتا ہے، جبکہ مدینہ منورہ کی نسبت رسولِ اکرم حضرت محمد سے وابستگی کا وہ لازوال حوالہ ہے جسے الفاظ میں پوری طرح بیان کرنا ممکن نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ حرمین شریفین کی سلامتی اور تقدس کا معاملہ کسی ایک ملک یا حکومت کا نہیں بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے جذبات اور اجتماعی ذمہ داری کا معاملہ ہے۔ تاہم اس مقدس وابستگی کا تقاضا یہ بھی ہے کہ جذبات کے ساتھ حکمت، اتحاد، سفارت کاری اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل کو اختیار کیا جائے۔مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان نے اس موضوع کو اپنی کانفرنس کا عنوان بنا کر اپنی دینی اور نظریاتی ترجیحات کا اظہار کیا ہے۔ اس جماعت کا تاریخی پس منظر برصغیر کی اس علمی اور اصلاحی تحریک سے وابستہ ہے جس نے قرآن و سنت کی تعلیم، توحید، اتباعِ سنت، دینی شعور اور اسلامی عقائد کی ترویج کو اپنی جدوجہد کا مرکز بنایا۔ اس تحریک نے حدیث و سنت کے مطالعے، دینی تعلیم کے فروغ اور معاشرے میں مذہبی شعور بیدار کرنے کے لئے مختلف ادوار میں اپنا کردار ادا کیا۔ قیامِ پاکستان کے بعد اس مکتبِ فکر کی تنظیمی و سیاسی سرگرمیوں نے بھی ایک باقاعدہ صورت اختیار کی اور مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان ایک منظم دینی و سیاسی جماعت کے طور پر سامنے آئی۔اس جماعت کی تاریخ میں سینیٹر پروفیسر ساجد میر مرحوم کا نام خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے طویل عرصے تک جماعت کی قیادت کرتے ہوئے دینی، سیاسی اور پارلیمانی محاذ پر اپنی شناخت قائم کی۔ انکے بعد سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم کی قیادت میں جماعت کی ذمہ داریاں آگے بڑھ رہی ہیں۔ حافظ عبدالکریم کی موجودہ قیادت میں مینارِ پاکستان پر اس قدر بڑے اجتماع کا انعقاد جماعت کے تنظیمی نیٹ ورک اور ملک بھر میں اس کے کارکنوں کی سرگرمیوں کا اظہار بھی ہے۔
کانفرنس کا بنیادی مقصد حرمین شریفین کے تحفظ کے حوالے سے امتِ مسلمہ کے جذبات کی ترجمانی، سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ تعلقات کی اہمیت اجاگر کرنا، ملکی سلامتی و استحکام کے لئے قومی اتحاد پیدا کرنا اور اسلامی تشخص کے تحفظ کے لئے مشترکہ جدوجہد کی ضرورت کو نمایاں کرنا تھا۔ اس موقع پر سعودی عرب پر حوثی باغیوں کے حملوں کی مذمت، حرمین شریفین کی سلامتی کو امتِ مسلمہ کی مشترکہ ذمہ داری قرار دینے اور پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کے دفاع و سلامتی کے حوالے سے واضح مو قف اختیار کرنے کی حمایت کی گئی۔کانفرنس کا دوسرا اہم مقصد استحکامِ پاکستان، قومی یک جہتی اور سیاسی ہم آہنگی کی ضرورت کو اجاگر کرنا تھا۔ کانفرنس میں پاک فوج اور قومی سلامتی کے اداروں کی حمایت، دہشت گردی کی مذمت اور ملکی دفاع کے لئے افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔کانفرنس میں پاکستان کے سفارتی کردار اور مکہ معاہدے کو بھی اہمیت دی گئی۔ کانفرنس کے اہم مطالبات میں جنوری 2028ءتک ملک کے مالیاتی نظام سے سود کے خاتمے کے آئینی عہد پر عمل درآمد بھی شامل تھا۔ 26ویں آئینی ترمیم میں شامل اس شق کو عملی شکل دینے کے لئے حکومت سے واضح اور مو ثر لائحہ عمل اختیار کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔اسی طرح تحفظ ناموسِ صحابہ کرامؓ و اہلِ بیت اطہارؓ کے لئے مو ثر قانون سازی اور زیرِ التوا قانونی اقدامات کی فوری تکمیل کا مطالبہ بھی کانفرنس کے ایجنڈے میں شامل تھا۔
اس اہم کانفرنس میں امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ خان، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان، ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیت اہلحدیث مولانا عبدالرشید حجازی، سینئر نائب امیر مولانا علی محمد ابو تراب، ناظم کانفرنس و ایڈیشنل ناظم اعلیٰ سید سبطین شاہ نقوی، ڈاکٹر عبدالغفور راشد، معتصم الٰہی ظہیر، قاری صہیب احمد میر محمدی، سید عتیق الرحمن شاہ، مولانا عبدالمالک مجاہد، رانا شفیق خان پسروری، مولانا عبداللہ ناصر رحمانی، حافظ مسعود عالم، حافظ سلمان اعظم، حافظ یونس آزاد، فیصل افضل شیخ، ڈاکٹر حماد لکھوی، ملک سلمان منگلا اور ڈاکٹر عبدالرحمن شارق سمیت ملک بھر سے علمائے کرام، دینی و سیاسی شخصیات اور کارکنوں نے شرکت کی۔مینار پاکستان سے اس کانفرنس کے ذریعے اٹھنے والی صدا یہی تھی کہ حرمین شریفین کی حرمت، پاکستان کی سلامتی اور امتِ مسلمہ کا اتحاد ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ پاکستان کو آج ایسے مذہبی اور سیاسی کرداروں کی ضرورت ہے جو اختلافات کی خلیج کم کریں، عوام کو امید دیں اور ریاست کو مضبوط بنانے کے لئے اپنا حصہ ڈالیں۔