کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بلوچ کالونی کے نزدیک کراچی ایڈمنسٹریشن ایمپلائز ہاؤسنگ سوسائٹی میں زیرِ تعمیر عمارت کے انہدام کے مقام کا دورہ کیا اور جائے حادثہ پر جاری ریسکیو آپریشن کا معائنہ کرتے ہوئے امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا، اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر کے ایم سی ابرار جعفر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، میئر کراچی نے واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عمارت منہدم ہونے کے نتیجے میں جاں بحق و زخمی ہونے والے افراد کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا،میئر نے کہا کہ متاثرہ عمارت میں پھنسے افراد کو بحفاظت نکالنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، ہماری اولین ترجیح انسانی جانوں کو محفوظ بنانا اور متاثرہ افراد کو فوری امداد فراہم کرنا ہے۔