• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مبینہ پولیس مقابلے، 5 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، اسلحہ اور کار برآمد

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل قائدآباد اور تیموریہ پولیس نے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے بعد پانچ ڈاکوئوں کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ، 40 سے زائد موبائل فونز، ایک کار، نقد رقم اور دیگر سامان برآمد کرلیا، پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم اور گاڑیاں چوری و چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں،تفصیلات کے مطابق اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل پولیس پارٹی نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب عزیز بھٹی پارک کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے بعد تین ملزمان نقیب اللہ ولد وزیر محمد، محمد سلیم ولد گل محمد اور علی رضا عرف علی حمزا ولد اصغر اللہ رکھا کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے تین پستول، گولیاں، 34 موبائل فونز، نقد رقم اور ایک کار برآمد کی گئی،دوسری کارروائی میں قائدآباد پولیس نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب لانڈھی کے علاقے شیرپاؤ کالونی، مولا مدد قبرستان، اسٹار گراؤنڈ کے قریب سواتی محلے میں مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو 30 سالہ محمد اسحاق ولد کریم بخش کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے پستول ، موبائل فون اور نقد رقم برآمد کی،دو ساتھی سرور اور واجد فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے، تیموریہ پولیس نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب نارتھ ناظم آباد بلاک این میں ایک ڈاکو رحمٰن علی ولد شیر زمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے ایک پستول بمعہ گولیاں، دو موبائل فونز اور نقد رقم برآمد کی ، ساتھی موقع سے فرار ہوگیا۔