• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ایشیا میں وکلاء کی سب سے قدیم اور بڑی نمائندہ تنظیموں میں سے ایک ہے۔ اس بار ایسوسی ایشن کے پہلے صدر سر ولیم ہنری رٹی گن پنجاب یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر بھی رہے۔ رٹی گن کو یہ اعزاز بھی حاصل تھا کہ جب وہ لاہور ہائی کورٹ بار کے 1893ء میں صدر تھے تو سپریم لیجسلیٹو کونسل آف انڈیا کے بھی رکن تھے، پھر وہ پنجاب لیجسلیٹو کونسل کے رکن بنے اور برطانیہ واپس جا کر لنکاشائر سے برطانوی ہاؤس آف کامنز کے رکن منتخب ہوگئے۔ انکے نام پر آج بھی لاہور میں رٹی گن روڈ موجود ہے جو ضلع کچہری کو گورنمنٹ کالج یونیورسٹی سے ملاتی ہے۔ عرض صرف اتنی ہے کہ ایک زمانے میں لاہور ہائی کورٹ بار کا صدر بہت پڑھا لکھا وکیل ہوا کرتا تھا جو چوٹی کاسیاستدان بھی ہوتا تھا۔ پاکستان بننے سے پہلے اور بعد میں لاہور ہائی کورٹ بار کے صدور کا سیاست میں بہت اہم کردار رہا ہے۔ 1919ء میں امرتسر کے جلیانوالہ باغ میں برطانوی سرکار نے قتل عام کیا تو لاہور ہائی کورٹ بار کے صدر سر محمد شفیع نے اس قتل عام کے خلاف وکلاء کی تحریک چلائی ۔ پھر انہوں نے قائداعظم کے ساتھ مل کر امپیریل لیجسلیٹو کونسل میں رولٹ ایکٹ کی سخت مخالفت کی۔ رولٹ ایکٹ کے تحت پولیس کو یہ اختیار دیا گیا تھا کہ وہ کسی بھی شہری کو بغیر مقدمے کے گرفتار کر سکتی تھی۔قائداعظم نے اس سیاہ قانون کے خلاف کونسل کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے ایک اور صدر خلیفہ شجاع الدین نے1937ء میں علامہ اقبال کیساتھ ملکر پنجاب میںمسلم لیگ کو منظم کرنے کی بھرپور کوشش کی۔ پاکستان بننے کے بعد جنرل ایوب خان، جنرل ضیاء الحق اور جنرل پرویز مشرف کی آمریت کے خلاف لاہور ہائی کورٹ بار کے کردار پر مجھے زیادہ تفصیل میں جانے کی ضرورت نہیں ہے۔ جنوری 1965ء میں محترمہ فاطمہ جناح نے جنرل ایوب خان کے خلاف صدارتی الیکشن میں حصہ لیا تو علامہ اقبال کے فرزند ڈاکٹر جاوید اقبال جھنگ میں فاطمہ جناح کے پولنگ ایجنٹ تھے۔ ڈاکٹر جاوید اقبال نے لاہور ہائی کورٹ بار کے کئی وکلا رہنماؤں کے ساتھ مل کر فاطمہ جناح کی انتخابی مہم میں حصہ لیا جن میں رابعہ سلطان قاری بھی شامل تھیں جو 1966ء میں لاہور ہائی کورٹ بار کی پہلی خاتون صدر منتخب ہوئیں۔ ڈاکٹر جاوید اقبال 1968ء میں لاہور ہائی کورٹ بار کے صدر منتخب ہوئے۔ لاہور ہائی کورٹ کے ڈاکٹر جاوید اقبال ہال میں 24نومبر 2026ء کو ایک آل پارٹیز کنونشن منعقد کیا گیا جس کا مقصد آئین پاکستان میں 26ویں اور 27ویں ترمیم پر غوروفکر تھا۔ اس کنونشن میں سیاسی جماعتوں کے علاوہ ملک بھر سے انسانی حقوق اور وکلا کی تنظیموں کے نمائندوں کوبار کے صدر بابر مرتضیٰ خان نے مدعو کیاتھا۔ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اس کنونشن میں شرکت کیلئے لاہور پہنچ گئے تھے لیکن صبح گیارہ بجے اُنہیں اُن کے ایک دوست کے ہاں نظر بند کر دیا گیا تاکہ وہ اس کنونشن میں شرکت نہ کر سکیں۔ یہ نظر بندی حکومت کے کسی کام نہ آئی کیونکہ مولانا نے زوم کے ذریعہ اس کنونشن سے خطاب کر ڈالا۔ میڈیا کی طرف سے مجھے مدعو کیا گیا تھا۔ میں نے ڈاکٹر جاوید اقبال ہال میں موجود وکلاء کی بڑی تعداد کی توجہ اسٹیج کی دیوار پر آویزاں اس بورڈ کی طرف دلائی جس پر لاہور ہائی کورٹ بار کے تمام سابق صدور کے نام موجود ہیں۔ ان میں وہ نام بھی ہیں جنہوں نے قائداعظم اور علامہ اقبال کے ساتھ مل کر برطانوی سامراج کے ظلم و ستم اور سیاہ قوانین کو للکارا۔ اس کنونشن کے شرکاء کی خدمت میں عرض کی کہ جس طرح آج کے پاکستان میں اکثر سیاسی قیدیوں پر بغاوت، دہشت گردی اور قتل و غارت کے مقدمات قائم کیے جاتے ہیں اسی طرح برطانوی راج میں بھی سیاسی قیدیوں پر بغاوت اور دہشت گردی کے مقدمات بنائے جاتے تھے۔ انہی میں ایک قیدی کا نام بھگت سنگھ تھا جس پر لاہور سازش کیس کا مقدمہ چل رہا تھا اور لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اس مقدمے کے ٹرائل کو غیر قانونی قرار دے رہی تھی۔ جون 1929ء میں بھگت سنگھ نے میانوالی جیل میں مطالبہ کیا کہ اُسے جیل میں وہی حقوق دئیے جائیں جو باقی سیاسی قیدیوں کو حاصل ہیں۔ اُس کا مطالبہ تسلیم نہ کیا گیا تو بھگت سنگھ نے جیل میں بھوک ہڑتال کر دی۔ ستمبر 1929ء میں قائداعظم محمد علی جناح نے سنٹرل لیجسلیٹو اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے بھگت سنگھ کے مطالبات کی حمایت کی۔ انہی دنوں لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے بھگت سنگھ کے خلاف مقدمے کو عام عدالتوں میں چلانے کی بجائے ایک خصوصی عدالت میں چلانے کے خلاف قرارداد منظور کی۔ اس قرارداد کے تحت ایک خصوصی کمیٹی قائم کی گئی جس نے یہ تعین کرنا تھا کہ بھگت سنگھ کے خلاف مقدمے کی سماعت کرنے والی عدالت آئینی ہے یا غیر آئینی ؟اس کمیٹی میں لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سر ڈاکٹر گوکل چند نارنگ، ملک برکت علی، پنڈت نانک چند، علامہ محمد اقبال، سر موتی ساگر اور جگن ناتھ شامل تھے۔ سر موتی ساگر اور جگن ناتھ نے اس کمیٹی کے کسی اجلاس میں شرکت نہیں کی نہ رپورٹ پر دستخط کئے لیکن باقی چاروں ارکان نے کئی اجلاسوں میں وائسرائے کے آرڈیننس کے تحت قائم کی گئی خصوصی عدالت کا گورنمنٹ آف انڈیا ایکٹ کی روشنی میں جائزہ لیا اور قرار دیا کہ یہ عدالت صرف ایمرجنسی کی صورتحال میں قائم کی جا سکتی ہے، حکومت نے ایمرجنسی کا کوئی اعلان نہیں کیا لہٰذا بھگت سنگھ اور اُن کے ساتھیوں کا ٹرائل غیر آئینی ہے۔ علامہ اقبال، سمیت گوکل چند نارنگ، ملک برکت علی اور پنڈت نانک چند نے رپورٹ پر دستخط کر دیے۔ یہ رپورٹ حکومت کو بھجوائی گئی لیکن حکومت نے بھگت سنگھ کو 23 مارچ 1931ء کو پھانسی دینے کا اعلان کر دیا۔ علامہ اقبال نے بھگت سنگھ کے دیگر وکلاء کے ہمراہ 27 فروری 1931ء کو یہ پھانسی رکوانے کیلئےپریوی کونسل میں درخواست دائر کی لیکن اسے بھی مسترد کر دیا گیا۔ قائداعظم اور علامہ اقبال نے بغاوت اور دہشت گردی کے مقدمے میں ملوث ایک سیاسی قیدی کو بچانے کیلئے اُس کی زندگی کے آخری سانس تک کوشش کی۔ آج پاکستان کے ہر سرکاری دفتر میں قائداعظم اور علامہ اقبال کی تصاویر تو آویزاں کی جاتی ہیں لیکن سیاہ قوانین کے خلاف اُن کی جدوجہد کو یاد نہیں رکھا جاتا۔ آج بھی پاکستان میں ایم پی او جیسا قانون موجود ہے جسکے تحت بغیر مقدمے کے کسی کو بھی گرفتار کیا جا سکتا ہے۔ لاہور ہائی کورٹ بار کے آل پارٹیز کنونشن میں جو اپوزیشن کی جماعتیں موجود تھیں اُنہیں میں نے یاد دلایا کہ جب آپ حکومت میں تھے تو آپ بھی پیکا جیسے سیاہ قانون کو صدارتی آرڈیننس کے ذریعہ نافذ کرتے تھے۔ ان جماعتوں کی مہم صرف دو ترامیم اور ایک جماعت کے سیاسی قیدیوں کیلئے نہیں تمام سیاہ قوانین اور تمام سیاسی قیدیوں کیلئے چلنی چاہیے ۔ قائداعظم اور علامہ اقبال نے بھگت سنگھ کیلئے آواز اٹھائی وہ نہ مسلمان تھا نہ مسلم لیگی تھا۔

تازہ ترین