• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

والد محترم محمد رفیع بٹ، قائداعظم کے معتمد ساتھی، تحریکِ پاکستان کے سرگرم رکن اور برصغیر کے مسلمانوں کی معاشی خودمختاری کےعلمبردار تھے۔26 نومبر 1948ء کو کراچی سے لاہور آنیوالی پرواز کے فضائی حادثے میں انکی وفات محض ایک خاندان نہیں بلکہ پاکستان کے صنعتی اور معاشی مستقبل کیلئے بھی ایک بہت بڑا نقصان تھا۔1909ء میں اندرونِ لاہورشہر نیواں کٹرا میں پیدا ہونے والے رفیع بٹ کے والد غلام نبی آلات جراحی تیار کرنے کا ایک چھوٹا سا کاروبار کرتے تھے۔ والد کے انتقال کے بعد، محض سولہ برس کی عمر میں انہیں کاروبار اور خاندان کی ذمہ داریاں سنبھالنا پڑیں تواپنی غیر معمولی صلاحیتوں کے باعث انہوں نے خاندانی کاروبار،غلام نبی اینڈ سنز کو آلاتِ جراحی میں برصغیر کا سب سے بڑا کاروباری ادارہ بنا دیا۔ اس دور میں تجارت اور مالیاتی شعبے میں مسلمانوں کی نمائندگی محدود تھی ایسے ماحول میں1936ء میں لاہور میں سینٹرل ایکسچینج بینک کا قیام انکی شاندار کامیابی تھی۔اپنےکاروبار کیلئے انہوں نےبرمنگھم، برطانیہ سے اسٹیل کی صنعت کی جدید تربیت حاصل کی۔قائداعظم محمد علی جناح سے انکی وابستگی محض عقیدت یا رسمی سیاسی تعلق نہیں بلکہ ایک فکری اور عملی رفاقت تھی۔ دسمبر 1942ء میں قائداعظم نے لاہور میںانکے صنعتی ادارے غلام نبی اینڈ سنز کا دورہ کیا۔ دونوں شخصیات کے درمیان خط و کتابت کا سلسلہ جاری رہا۔ ان خطوط سے قائداعظم کے اعتماد اور رفیع بٹ کی قومی معاملات میں دلچسپی کا اندازہ ہوتا ہے۔معاشی منصوبہ بندی پر قائداعظم نے قیامِ پاکستان سے پہلے ہی توجہ دینا شروع کر دی تھی۔ وہ بخوبی سمجھتے تھے کہ سیاسی آزادی اس وقت تک بارآور نہیں ہو سکتی جب تک مسلمان معاشی طور پر خودمختار نہ ہوں۔ اسی سوچ کے تحت آل انڈیا مسلم لیگ نے 1944ء میں اقتصادی منصوبہ بندی کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی، جس میں رفیع بٹ کو اہم ذمہ داری سونپی گئی۔ انہیں کمیٹی کی چھ رکنی ٹیم میں شامل اور معدنیات و دھات سازی سے متعلق ذیلی کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا۔رفیع بٹ نے معدنیات اور دھاتوں کے حوالے سے گہری تحقیق کے بعد ایک مفصل رپورٹ اور تجاویز پیش کیں۔ اس کے علاوہ وہ ٹرانسپورٹ، تجارت اور صنعت سے متعلق منصوبہ بندی میں بھی شریک رہے۔ رفیع بٹ کی سوچ یہ تھی کہ اگر مسلمانوں کو سیاسی آزادی حاصل ہو بھی جائے لیکن ان کے پاس اپنی صنعت، بینکاری، تجارت اور جدید پیداواری نظام نہ ہو تو وہ حقیقی معنوں میں خودمختار نہیں ہو سکتے۔ان کی دور اندیشی کا اندازہ اکتوبر 1945ء میں قائداعظم کو لکھے گئے ایک خط سے بھی لگایا جا سکتا ہے۔ امریکہ کے چھ ماہ کے مطالعاتی دورے سے واپسی پر انہوں نے وہاں کے صنعتی نظام، قدرتی وسائل اور ترقی کے امکانات کا جائزہ پیش کرکے اس امید کا اظہار کیا کہ برصغیر کے وسائل کو بھی مناسب منصوبہ بندی اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ترقی کا باعث بنایا جا سکتا ہے۔ ان کا یقین تھا کہ پاکستان کے پاس قدرتی وسائل کی کمی نہیں، اصل ضرورت انہیں بروئے کار لانے کیلئے علم، منصوبہ بندی اور صنعتی عزم کی ہے۔رفیع بٹ نے تحریکِ پاکستان کو کامیاب بنانے کیلئےسیاسی جدوجہد کے ساتھ مؤثر صحافت کی ضرورت کو بھی سمجھا۔ اس زمانے میں کانگریس کے پاس اپنے مؤقف کی تشہیرکیلئے مؤثر ذرائع موجود تھے، جبکہ مسلم لیگ کو ایک ایسے انگریزی اخبار کی ضرورت تھی جو مسلمانوں کی سیاسی آواز دنیا میں پہنچا سکے۔ رفیع بٹ نے اس حوالے سےقائدِ اعظم محمد علی جناح کو قائل کیا اور پاکستان ٹائمز کے اجرا کیلئے ابتدائی طور پر کل لاگت کا 25 فیصد بھی فراہم کیا۔ فروری 1947ء میں پاکستان ٹائمز کا اجرا تحریکِ پاکستان کے مؤقف کو مؤثر انداز میں پیش کرنے کی ایک اہم کوشش تھی۔ انکے کاروباری منصوبوں میں آلاتِ جراحی کی تیاری کے علاوہ ایئرکنڈیشننگ، کولڈ اسٹوریج اور کھاد کی صنعت جیسے شعبے بھی شامل تھے۔1946ء میں جرمنی جانیوالے صنعتی وفد میں انکی شرکت اور 1948ء میں سان فرانسسکو میں انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے اجلاس میں شرکت بھی ان کی بین الاقوامی معاشی سرگرمیوں کا ثبوت ہے۔ قیامِ پاکستان کے بعد انہوں نے برطانیہ میں اسٹیل کی فراہمی کیلئے بھی کوششیں کیں، کیونکہ وہ جانتے تھے کہ نئی ریاست کو صنعتی بنیادوں پر مضبوط کرنا ناگزیر ہے۔

ہمیں آج بھی پاکستان کی معاشی مشکلات، صنعتی زوال، سرمایہ کاری کی کمی اور درآمدات پر بڑھتے ہوئے انحصار پر گفتگو کرتے ہوئے سوچنا ہو گا کہ ہم اپنے ان ابتدائی معماروں کے وژن سے کتنی رہنمائی حاصل کی؟ رفیع بٹ نے جس پاکستان کا تصور کیا تھا، اس میں صنعت محض کاروبار کا ذریعہ نہیں بلکہ قومی خودداری اور معاشی آزادی کی بنیاد تھی۔ وہ سمجھتے تھے کہ قوموں کا مستقبل صرف سیاسی نعروں سے نہیں بلکہ کارخانوں، تعلیمی اداروں، تحقیق، جدید ٹیکنالوجی اور پیداواری صلاحیت سے تشکیل پاتا ہے۔ رفیع بٹ کی ہوائی حادثے میں شہادت کے بعد یہ متحرک کردار ہمیشہ کیلئے تاریخ میں گم ضرور ہوالیکن اپنے انمٹ نقوش چھوڑ گیا۔

(مصنف جناح رفیع فائونڈیشن کے چیئرمین ہیں)

تازہ ترین