• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں نئے صوبوں کی بحث ایک بار پھر گرم ہے۔ کہا جاتا ہے کہ موجودہ انتظامی بندوبست عوام کے مسائل حل کرنے سے قاصر ہو چکا، لہٰذا نئے صوبوں کی تشکیل ناگزیر ہے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ اگر موجودہ نظام اپنے فرائض کی ادائیگی میں ناکام ہے تو اس کا علاج نظام کے اجزا بڑھانے میں ہے یا اس بوسیدگی دور کرنے میں؟ عمارت کی بنیادیں کمزور ہوں تو اس پر نئی منزلیں تعمیر کی جاتی ہیں، یا پہلے اس کی بنیادوں کومضبوط کیا جاتا ہے؟ فیصلہ کرنیوالوں کو اس سوال پر ضرور غور کرنا چاہیے کہ موجودہ صوبے عوام کو وہ سہولتیں کیوں فراہم نہیں کر سکے جن کا وعدہ ان سے کیا گیا تھا؟گزشتہ کالم میں اس بحث کے مضمرات کی طرف اشارہ کیا تھا تو ایک دوست نے دعویٰ کیا کہ بلوچستان لبریشن آرمی اس صورتحال سے فائدہ اٹھانے کی حکمت عملی مرتب کر رہی ہے، سندھ میں ایس آر اے، جو دو درجن افراد پر بھی مشتمل نہیں، بی ایل اے کی مدد سے اپنی قوت بڑھانے کے امکانات پر غور کر رہی ہے۔ اس امکان کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا کہ سیاسی تبدیلیوں سے جنم لینے والی بے یقینی اور انتشار بعض تخریبی عناصر کیلئے سازگار فضا مہیا کر سکتا ہے۔ ریاستی فیصلوں کے نتائج ہمیشہ ان کے محرکات کے تابع نہیں ہوتے۔مشرقی پاکستان میں 1950ء کے دوران وزیراعلیٰ نورالامین کے عہد میں زرعی اصلاحات کا اقدام بظاہر ایک مثبت کوشش تھا، لیکن وہاں کے مخصوص سیاسی، معاشی اور سماجی حالات نے اس کے اثرات کو ایک مختلف رخ دیدیا۔ نئے صوبوں کا معاملہ بھی محض نقشے پر نئی حدبندیاں قائم کرنے کا نہیں۔ اگر یہ عمل سیاسی کشمکش، انتشار اور تصادم کا پیش خیمہ بن گیا تو اسکے نتائج انتظامی حدود سے بہت آگے نکل جائیں گے۔ اقتدار کے ایوانوں میں یہ سازشی نظریہ بھی گردش کرتا ہے کہ صوبوں کی بحث کو مرکزِ نگاہ بنا کر ایک نئی بے چینی پیدا کرنا دراصل طاقت کے مراکز کو کمزور کرنے کی کوشش ہے، بالکل اسی طرح جیسے افتخار چودھری کو منصب سے ہٹانے کی کوشش پرویز مشرف کیلئے ایک بڑے سیاسی بحران کا سبب بنی۔ ریاستی معاملات میں ہر پہلو پر نگاہ رکھنا اور ہر ممکن نتیجے کا پیشگی ادراک کرنا ناگزیر ہے۔

ہمارا بنیادی مسئلہ صوبوں کی تعداد نہیں، اداروں کی کارکردگی ہے۔ وفاقی پارلیمانی نظام اختیار کریں، وحدانی طرزِ حکومت اپنائیں، صدارتی نظام کے فضائل بیان کریں، ہائبرڈ بندوبست قائم کریں یا کسی غیر جمہوری طرزِ حکومت کو آزما لیں، جب تک بیوروکریسی اور عدالتی نظام کی اساس میں اصلاح نہیں ہوگی، ہر نظام اپنی کمزوریوں کا اسیر رہے گا۔ نظام کا نام بدل دینے سے اسکی روح تبدیل نہیں ہوتی۔ بیوروکریسی کی اصلاح چند سرکاری گروپوں کے خاتمے یا ایک گروپ کو دوسرے میں ضم کر دینے کا نام نہیں۔ ضرورت اس پورے انتظامی مزاج کو تبدیل کرنے کی ہے۔ سرکاری افسر سیاسی دباؤ سے آزاد ہوں، اپنی کارکردگی کیلئے جواب دہ ہوں۔ سنگاپور نے اہلیت، دیانت، پیشہ ورانہ صلاحیت اور جواب دہی کی بنیاد پر انتظامی ڈھانچے کو فعال بنانے کی مثال قائم کی ہے۔ اسی طرح عدالتی نظام میں انصاف کی فراہمی کے طریقہ کار کی بنیادی اصلاح ناگزیر ہے۔ جس معاشرے میں انصاف برسوں کی مسافت طے کرنے کے بعد ملے، وہاں شہری کا ریاست پر اعتماد کیسے قائم رہ سکتا ہے؟ انصاف کا تقاضا صرف یہ نہیں کہ فیصلہ صادر ہو، بلکہ یہ بھی ہے کہ فیصلہ بروقت ہو۔اصل ضرورت اختیارات کی حقیقی منتقلی، مالی وسائل کی منصفانہ تقسیم اور سیاسی مداخلت سے آزاد انتظامیہ کی ہے۔ اس مقصد کے حصول کا ایک مؤثر راستہ بااختیار بلدیاتی نظام ہے۔ہمارے ہاں بلدیاتی اداروں اور قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کے مابین اختیارات کی کشمکش ایک مستقل مسئلہ ہے۔ یہ تصور زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتا کہ ایم این اے اور ایم پی اے اپنے حلقوں کے مقامی مسائل سے لاتعلق رہیں۔ انہیں بہرحال ان مسائل میں کردار ادا کرنا ہوتا ہے۔ بہتر یہ ہے کہ اس کردار کو ایک منظم، آئینی اور جواب دہ ادارہ جاتی بندوبست میں سمو دیا جائے۔

ملک بھر میں قومی اسمبلی کے حلقہ انتخاب کو بلدیاتی تنظیم کی بنیادی اکائی بنایا جائے۔ اسکی ساخت تحصیل کی طرز پر ہو اور اس کے ماتحت یونین کونسلیں قائم ہوں۔ متعلقہ حلقے کا ایم این اے اس کونسل کا سربراہ ہو، جبکہ حلقے کے ایم پی اے اسکے ارکان ہوں۔ قومی اور صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں دوسرے نمبر پر آنیوالے امیدواروں کو بھی نمائندگی دی جائے اور یونین کونسلیں اپنے منتخب نمائندوں میں سے ایک ایک فرد اس کونسل میں بھیجیں۔ اسی طرح ضلعی سطح پر ایک نمائندہ کونسل قائم ہو، جس میں ضلع کے تمام قومی و صوبائی اسمبلی کے ارکان اور یونین کونسلوں کے نمائندے شامل ہوں۔ ان میں سے ضلعی سربراہ کا انتخاب کیا جائے۔بعض حلقوں کو یہ تجویز ناگوار گزر سکتی ہے کہ قانون سازوں کو بلدیاتی اداروں میں کیوں شامل کیا جائے، لیکن سوال یہ ہے کہ جب ہمارے منتخب نمائندے عملاً مقامی مسائل سے الگ نہیں رہ سکتے تو انہیں ایک واضح اور جواب دہ نظام میں شامل کرنے میں کیا مضائقہ ہے؟ اداروں کی تشکیل زمینی حقائق کو سامنے رکھ کر ہونی چاہیے، نہ کہ محض نظریاتی تصورات کی بنیاد پر۔سرکاری ملازمین کو سیاسی دباؤ سے محفوظ رکھنے کیلئے جاپان کے پبلک سیفٹی کمیشن کی طرز پر ایک ادارہ قائم کیا جائے، مگر اس کا دائرہ پولیس تک محدود نہ ہو بلکہ عوامی خدمات فراہم کرنیوالے تمام محکموں تک پھیلا دیا جائے۔ ضلع میںصوبائی حکومت کا ایک نمائندہ مقرر ہو، جسکی ذمہ داری بلدیاتی اداروں میں مداخلت نہیں بلکہ آئین و قانون کی پاسداری، شہری حقوق کا تحفظ اور ترقیاتی منصوبوں کا آڈٹ ہو۔ کونسل پالیسی مرتب کرے، بجٹ منظور کرے اور نگرانی انجام دے؛ انتظامی امور سرکاری افسران چلائیں اور وہ جواب دہ ہوں۔ڈنمارک میں مجموعی سرکاری اخراجات کا تقریباً64.3فیصد مقامی حکومتوں کے ذریعے خرچ ہونے کا حوالہ اس حقیقت کو واضح کرتا ہے کہ جب اختیار کیساتھ وسائل بھی مقامی اداروں کو منتقل کیے جائیں تو عوامی خدمت کا عمل کس قدر مؤثر ہو سکتاہے۔ ناروے اور سویڈن میں بھی مقامی حکومتیں سماجی بہبود اور شہری سہولتوں کی فراہمی میں نمایاں کردار ادا کرتی ہیں۔

پس، سوال نئے صوبوں کا نہیں،نقشے پر نئی لکیریں کھینچنا آسان ہے، لیکن اداروں کے مزاج بدلنا، اختیارات کی منصفانہ تقسیم کرنا اور انصاف کو عوام کی دہلیز تک پہنچانا اصل امتحان ہے۔ ہمیں نئے صوبوں کے نام پر نئے سیاسی معرکےبرپا کرنےکے بجائے ریاست کے ان ستونوں کو مضبوط کرنا ہوگا جن پر عوام کے اعتماد کی عمارت کھڑی ہوتی ہے۔

تازہ ترین