فلم ساز امتیاز علی اور موسیقار اے آر رحمان نے اپنی 15 سالہ کامیاب شراکت داری کے چند ہی واقعات کھل کر بیان کیے ہیں جن میں یہ انکشاف بھی شامل تھا کہ فلم ہائی وے میں ابتدا میں صرف ایک گانا تھا جو بعد میں بڑھ کر 14 ہو گئے جبکہ راک اسٹار کا معاوضہ 8 ماہ تک تاخیر کا شکار رہا۔
آسکر ایوارڈ یافتہ موسیقار اور معروف ہدایت کار نے اپنی کئی مشہور مشترکہ فلموں پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے چند یادگار ترین گانے کس طرح غیر یقینی صورتحال، غیر متوقع موڑ اور خاصی الجھنوں کے بعد تخلیق ہوئے۔
سب سے حیران کن انکشاف اے آر رحمان کی جانب سے یہ سامنے آیا کہ راک اسٹار کے پروڈیوسر فلم کی موسیقی سے ناخوش تھے اور فلم کی ریلیز کے تقریباً آٹھ ماہ بعد تک انہیں معاوضہ ادا نہیں کیا گیا تھا۔
اے آر رحمان نے کہا کہ پروڈیوسر نے پوری راک اسٹار کا معاوضہ مجھے ادا نہیں کیا۔ اس پورے عرصے کے دوران میں خود سازندوں کے معاوضے اور اپنے سفری اخراجات ادا کرتا رہا۔ میں نے علی کو بھی یہ نہیں بتایا تھا کہ مجھے اس فلم کے لیے ایک پیسہ بھی نہیں ملا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بالآخر فلم کی ریلیز کے 8 ماہ بعد انہیں چیک موصول ہوا۔