• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الطاف کیخلاف ریفرنس، برطانیہ ارسال، تقریر کا متن، عوام کو تشدد پر اکسانے کے شواہد فراہم، پاکستان

اسلام آباد / لندن ( نیوز ایجنسیز / جنگ نیوز) حکومت پاکستا ن ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین کیخلاف ریفرنس برطانیہ ارسال کردیا ہے جس میں پاکستان مخالف تقریر کا متن اور عوام کو تشدد پر اُکسانے کے شواہد فراہم کئے گئے ہیں ۔ ترجمان وزارت داخلہ نے ریفرنس میں میں کہا ہے کہ متحدہ کے بانی نے برطانوی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی ، پاکستان میں بدامنی پھیلائی ، عوام کو تشدد پر اُکسایا ، قانونی کارروائی سے متعلق حکومت پاکستان کو آگاہ کیا جائے۔ ادھر برطانوی پولیس اسکاٹ لینڈ یارڈ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم سے منسلک شخص کی 22؍ اگست کی تقریر سے متعلق حکومت پاکستان سے را بطے میں ہیں ، تقریر کا ترجمہ کرارہے ہیں ، ترجمے سے جانچا جائے گا آیا کسی برطانوی قانون کی خلاف وزری ہوئی یا نہیں، ریفرنس کی تصدیق نہیں کرسکتے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی حکومت نے متحدہ قومی موومنٹ کے بانی قائد الطاف حسین کے خلاف ریفرنس برطانوی حکو مت کو بھجوا دیا ہے۔یہ ریفرنس وزارت داخلہ کی جانب سے بھیجا گیا ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایم کیو ایم کے قائد نے نہ صرف کراچی کی عوام کو تشدد پر اکسایا بلکہ ملک کے خلاف نعرے بھی لگوائے۔اس ریفرنس کے ساتھ الطاف حسین کی تقریر اور اپنی جماعت کے لوگوں کو تشدد اور بدامنی پر اکسانے کے شواہد بھی برطانوی حکام کو فراہم کر دئیےگئے ہیں۔ وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق اس ریفرنس میں اس بات کا بھی ذکر کیا گیا ہے کہ ایم کیو ایم کے قائد نے نہ صرف برطانوی بلکہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے لہٰذا ان کےخلاف برطانوی قوانین کے تحت کارروائی کی جائے۔الطاف حسین کے خلاف ریفرنس بھیجنے کے بعد پاکستانی حکام نے برطانوی حکام سے کہا ہے کہ وہ ایم کیو ایم کے قائد کے خلاف کی جانے والی قانونی کارروائی سے متعلق پاکستانی حکومت کو بھی آگاہ کرے۔ وزارت داخلہ کے ایک اہلکار کے مطابق الطاف حسین کے خلاف سنگین غداری کا مقدمہ درج کرنے سے متعلق مختلف قانونی پہلوؤں پر غور کیا جا رہا ہے۔اس کے علاوہ ایم کیو ایم کے جن کارکنوں نے نعرے لگائے اُن کے خلاف بھی اسی نوعیت کے مقدمات درج کیے جائیں گے ۔ جیو نیوز کے مطابق برطانوی پولیس اسکاٹ لینڈ یارڈ کے ترجمان نےکہا ہے کہ پاکستانی وزیر داخلہ چوہدری نثارکی جانب سےکوئی ریفرنس ملنےکی تصدیق نہیں کر سکتا، ایم کیو ایم سے منسلک شخص کی 22؍ اگست کی تقریر کا مکمل متن مل گیا ہے، الطاف حسین کی تقریر کا ترجمہ کرا رہے  ہیں،یہ ترجمے سے جانچا جائے گا آیا کسی برطانوی قانون کی خلاف وزری ہوئی یانہیں، تقریر کے جائزے کے بعد فیصلہ ہوگا کہ تحقیقات کی ضرورت ہے یا نہیں، اس معاملے میں پاکستان ہم سے رابطے میں ہے۔
تازہ ترین