نیویارک ( جنگ نیوز) عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ یو ایس اوپن کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے ۔ کوارٹر فائنل میں ان کے فرنچ حریف جو ولفریڈ ٹی سونگا زخمی ہونے کے سبب میچ سے دستبردار ہو گئے ۔ جوکووچ کے لیے اس سال یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ بہت آسان ثابت رہا ۔ وہ تیسری بار حریف کھلاڑی کے ریٹائر ہرٹ ہونے کے بعد سیمی فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔ جوکووچ نے اب تک ٹورنامنٹ میں گزشتہ پانچ دور میں صرف دو ہی میچ پورے کھیلے ہیں۔ سیمی فائنل میں جوکووچ کا مقابلہ فرانس کے ہی گائل مونفلس سے ہو گا جنہوں نے لوکاس پاؤلے کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-4، 6-3 اور 6-3 سے شکست دی۔ خواتین کے ڈبلز کے مقابلوں میں ثانیہ مرزا اور ان کی پارٹنر باربرا اسٹرائیکووا کوارٹر فائنل میں ٹاپ سیڈ کیرولین گارشیا اور کرسٹینا ملاڈینووک سے ہار کر باہر ہوگئیں۔ خواتین سنگلز میں ڈنمارک کی کیرولین وزنیاکی لاسٹ فور میں جگہ بنانے میں کامیاب رہیں، انہوں نے لٹویا کی انستاسیا سواسٹووا کو اسٹریٹ سیٹس میں زیر کیا، ان کا مقابلہ عالمی نمبر دو اینجلک کربر سے ہوگا جنہوں نے اطالوی حریف رابرٹا ونسی کو زیر کیا۔