کراچی(اسٹاف رپورٹر) انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن ، ایشیا کے سینئر ڈیویلپمنٹ آفیسر سریش مینن 21 سے 23 ستمبرتک پاکستان کا دورہ کریں گے، وہ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سلیم سیف اللہ خان اور دیگر عہدے داران سے ملاقات کریں گے۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سکریٹری خالد رحمانی نے بتایا ہے کہ سریش مینن کا پاکستان کا دورہ خاص طور پر یہاں جونیئرز ڈیویلپمنٹ پروگرام اورکوچز ایجوکیشن کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیالات کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کولاہور اور کراچی میں جاری جونیئرز کی کھیلوں کی سرگرمیوں سے بھی آگاہ کیا جائے گا اور اس سلسلے میں درپیش مسائل سے آگاہی فراہم کی جائے گی۔ کامران خلیل جو پاکستان میں جونیئر ز ڈیولپمنٹ کے قومی کوآرڈینیٹر ہیں اور محمد خالد رحمانی انہیں پاکستان میں جاری پروگرام جس کوآئی ٹی ایف مدد فراہم کرتا ہے اس کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کریں گے ۔ ان کے دورے کے دوران سرخ فوم بال ٹورنامنٹ کا پہلی بار آغاز بھی کیا جائے گا ، یہ ٹورنامنٹ نارمل کورٹ سے نصف حصہ پر کھیلا جاتا ہے اور بڑے سائز کی فوم بال استعمال کی جاتی ہے۔ پاکستان میں سبز سافٹ بال سے انڈر 10 ٹورنامنٹ اس سال جنوری سے ہر قومی ٹورنامنٹ کے لئے لازمی کر دیا گیا ہے جس کے لئے آئی ٹی ایف کی مہیا کی ہوئی سافٹ بال بلا معاوضہ ہر آرگنائزر کو مہیا کی جاتی ہیں۔ سرخ فوم بال پہلے سے ہی سندھ اور پنجاب لان ٹینس ایسو سی ایشن کو بھیجی جاچکی ہیں۔ خالد رحمانی نے مزید بتایا کہ کوچز ایجو کیشن پروگرام بھی اس سال جنوری سے شروع کیا جا چکا ہے ۔ پہلا پری آئی ٹی ایف لیول ون گرین بیج نیشل کوچز کورس جنوری میں کراچی میں منعقد کیا گیا جس میں 28 کوچز نے شرکت کی اور جس میں 11کوچز نے پاس کر کے قومی کوچ کی سند حاصل کی جبکہ دوسرا کورس لاہور میں گزشتہ ماہ ( اگست) میں کرایا گیا جس میں 35کوچز نے شرکت کی اور 13 کوچز نے کامیابی حاصل کی۔ اس طرح 63 کوچز کو جونئر ٹینس کوچنگ کی تربیت فراہم کی گئی۔